صومالیہ میں اغوا بحری جہاز بازیاب، تین پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، قزاقوں کی فائرنگ سے جانی نقصان ہوا

September 29, 2026 · اہم خبریں
صومالیہ میں اغوا بحری جہاز کی بازیاب، تین پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق

صومالیہ میں اغوا بحری جہاز کی بازیاب، تین پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق

صومالیہ کی پنٹ لینڈ سیکیورٹی فورس نے ایک کارروائی کے دوران بحری قزاقوں کے قبضے سے ہائی جیک کیے گئے کارگو جہاز ’آنر 25‘ کو بازیاب کرا لیا ہے، تاہم اس دوران قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانیوں سمیت 5 کریو ممبرز جاں بحق ہو گئے ہیں۔

پلاؤ کے جھنڈے والے آئل ٹینکر ایم ٹی آنر کو موغادیشو کے لیے 18,500 بیرل ایندھن لے جاتے ہوئے 21 اپریل 2026 کو قزاقوں نے اغوا کر لیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بندریلا کے ساحل پر آپریشن کرتے ہوئے جہاز کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور ہتھیار ڈالنے سے انکار کرنے پر 9 قزاقوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

جہاز کے عملے کے ارکان میں 10 پاکستانیوں کے علاوہ بھارتی، میانمار اور انڈونیشیا کے شہری بھی شامل ہیں۔ فلاحی تنظیم سے گفتگو کرتے ہوئے جہاز کے سیکنڈ انجینئر حسین یوسف اور کپتان نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ کارروائی کے دوران قزاقوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی سیکنڈ آفیسر کاشف عمر، تھرڈ انجینئر محمود انصاری اور آئلر رفیع اللہ خان شامل ہیں، جبکہ دیگر جاں بحق شدگان میں میانمار کا چیف انجینئر اور ایک بھارتی کریو ممبر تنویر بھی شامل ہیں۔

حسین یوسف کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں فورتھ انجینئر عثمان، عقیل، امین اور ایک انڈونیشین کریو سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران جہاز کا اسٹیئرنگ خراب ہو گیا ہے جس کی وجہ سے اسے دوسرے جہاز کے ساتھ باندھ کر بوساسو بندرگاہ کی طرف لے جایا جا رہا ہے جہاں پہنچنے میں تقریباً 3 دن لگ سکتے ہیں۔ متاثرہ عملے نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری طبی امداد، ہیلی کاپٹر بھیجنے اور میتوں کی منتقلی کے لیے فوری انتظامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

اس جہاز کے اغوا ہونے کے بعد پاکستانی عملے کے اہل خانہ میں کئی بار ان کی بازیابی کے لیے اپیلیں کی تھیں۔