بہاولپور میں غربت اور گھریلو حالات سے تنگ عمر رسیدہ جوڑے کی نہر میں چھلانگ

دلخراش واقعہ، بزرگ خاتون کو بچا لیا گیا، شوہر کی تلاش جاری ہے، پولیس مصروف تفتیش۔

September 29, 2026 · اہم خبریں
بہاولپور میں نہر کے قریب ریسکیو آپریشن کا منظر

بہاولپور میں نہر کے قریب ریسکیو آپریشن کا منظر

بہاولپور میں مہاجر کالونی کے رہائشی ایک عمر رسیدہ جوڑے نے مبینہ طور پر غربت اور گھریلو حالات سے تنگ آ کر ششماہی نہر میں چھلانگ لگا دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

ابتدائی تفتیش اور ریسکیو حکام کے مطابق 75 سالہ یوسف علی اپنی اہلیہ کے ہمراہ گھر سے نکلا تھا اور دونوں نے رکشے پر سوار ہو کر ششماہی نہر کا رخ کیا۔ نہر پر پہنچنے کے بعد میاں بیوی نے اچانک پانی میں چھلانگ لگا دی۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ضعیف خاتون کو نہر سے زندہ نکال لیا، تاہم 75 سالہ یوسف علی پانی میں ڈوب کر لاپتہ ہو گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کی وجہ غربت اور اولاد سے مبینہ طور پر تنگ آنا بتائی جا رہی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید قانونی کارروائی اور حقائق جاننے کے لیے پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ دریں اثنا، ریسکیو حکام کی جانب سے ڈوبنے والے یوسف علی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا گیا تھا، جسے کم روشنی اور رات کے اوقات کی وجہ سے عارضی طور پر روک دیا گیا ہے جو کل صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔