شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 خوارج ہلاک
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 خوارج ہلاک
شمالی وزیرستان: خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق میر علی کے علاقے میں کی جانے والی یہ کارروائی عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ تھی۔
کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے میر علی اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے میر علی بازار کے قریب راشن سے بھرے ایک ٹرک کو روکنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے یہ کوشش ناکام بنا دی۔
علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کارروائیوں کا مقصد علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔