خیبر پختون خوا کی صورتِ حال پر اعلیٰ سطح اجلاس آج ہوگا

خیبر پختون خوا میں گورنر راج کے نفاذ کے امکان پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے ایک منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔

September 30, 2026 · اہم خبریں
خیبر پختون خوا کی صورتِ حال پر اعلیٰ سطح اجلاس آج ہوگا

خیبر پختون خوا کی صورتِ حال پر اعلیٰ سطح اجلاس آج ہوگا

خیبر پختون خوا کی موجودہ صورتِ حال اور اس سے نمٹنے کے مختلف آپشنز پر غور کے لیے وزیرِ اعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس آج متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر اہم معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ خیبر پختون خوا میں گورنر راج کے نفاذ کے امکان پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے ایک منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔

آئینی شقوں کے تحت بعض مخصوص حالات میں صوبے کے انتظامی معاملات میں وفاقی سطح پر اقدامات کی گنجائش موجود ہے۔ تاہم گورنر راج کے نفاذ سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے آئینی اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

ایک سینئر وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے لیے مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت سیاسی سرگرمیوں پر توجہ دے رہی ہے اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خطرے سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مطلوبہ تعاون فراہم نہیں کر رہی۔

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کے دفتر نے وفاقی حکومت کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے سیاسی مؤقف پر قائم ہے اور لانگ مارچ ہر صورت جاری رکھنے کا اعلان کرچکی ہے۔