سلمان علی آغا اور شاہین آفریدی کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے چھٹی کا امکان

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں شیڈول ہیں۔

September 30, 2026 · اسپورٹس
سلمان علی آغا اور شاہین آفریدی کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے چھٹی کا امکان

سلمان علی آغا اور شاہین آفریدی کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے چھٹی کا امکان

اسلام آباد: سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز اور اس کے بعد ہونے والی سہ ملکی ایک روزہ سیریز کے لیے پاکستان کی ٹیموں کا اعلان رواں ہفتے متوقع ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں شیڈول ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی نے مجوزہ کھلاڑیوں کے ناموں پر ابتدائی مشاورت کرلی ہے۔ ایشین گیمز میں پاکستان کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سونپنے کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر صاحبزادہ فرحان کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تو سلمان علی آغا کی ٹیم میں شمولیت مشکل ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کے انتخاب پر بھی سلیکٹرز غور کررہے ہیں، جبکہ فخر زمان کی ٹیم میں واپسی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

سلیکٹرز ایشین گیمز میں شریک نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور مجوزہ ٹیم کو حتمی شکل ایشین گیمز کے سیمی فائنل کے بعد دی جائے گی۔

دوسری جانب ون ڈے ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کی شمولیت متوقع ہے۔ ڈومیسٹک سیزن اور ایشین گیمز میں کھلاڑیوں کی مصروفیات کے باعث قومی ٹیم کا الگ تربیتی کیمپ نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وائٹ بال ٹیموں میں شامل کھلاڑی براہ راست راولپنڈی میں قائم ٹیم ہوٹل میں رپورٹ کریں گے۔

سری لنکا کی ٹیم 4 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی، جبکہ تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر اور تیسرا 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ سہ ملکی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔ اس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے، جس کا پہلا ٹیسٹ 9 نومبر سے راولپنڈی اور دوسرا 17 نومبر سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔