پاکستان میں شیڈول سہ ملکی ون ڈے سیریز منسوخ ہونے کا امکان

زمبابوے کی سیریز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ سیریز میں شرکت نہ کرنے کی وجہ تجارتی معاملات بتائی جارہی ہے

September 30, 2026 · اسپورٹس
پاکستان میں شیڈول سہ ملکی ون ڈے سیریز منسوخ ہونے کا امکان

پاکستان میں شیڈول سہ ملکی ون ڈے سیریز منسوخ ہونے کا امکان

اسلام آباد: پاکستان میں آئندہ سال جنوری میں شیڈول سہ ملکی ایک روزہ سیریز کے فارمیٹ میں تبدیلی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زمبابوے کی سیریز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی جانب سے سیریز میں شرکت نہ کرنے کی وجہ تجارتی معاملات بتائی جارہی ہے۔ دونوں فریق کسی دوسرے وقت سیریز کے انعقاد کے امکان پر بھی بات چیت کررہے ہیں۔

ابتدائی پروگرام کے تحت جنوری 2027 میں پاکستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان ایک روزہ سہ ملکی سیریز کھیلی جانی تھی، تاہم زمبابوے کی عدم شرکت کی صورت میں اسے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو طرفہ سفید گیند کی سیریز میں تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

آئرلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کرانے کی تجویز بھی زیر غور تھی، تاہم موجودہ صورتحال کے باعث اس کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔

کرکٹ آئرلینڈ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئرلینڈ کرکٹ آئندہ دورے کے نئے شیڈول پر کام کررہے ہیں، جبکہ حتمی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

پاکستان آئندہ سال ہونے والے عالمی کپ کی تیاری کے سلسلے میں زیادہ ایک روزہ میچز کھیلنے کا خواہاں ہے، جبکہ آئرلینڈ فروری میں ہونے والے عالمی کپ کے کوالیفائرز کی تیاری کررہا ہے۔

ایسے میں پاکستان کے خلاف مجوزہ ایک روزہ سیریز آئرلینڈ کے لیے بھی تیاری کے اعتبار سے اہم سمجھی جارہی ہے۔