پاکستان کی زیرصدارت ایس سی او اجلاس،عملی تعاون جاری رکھنے کا اعادہ

ایس سی او ہاکی ٹورنامنٹ 20 نومبر سے 2 دسمبر تک منعقد ہوگا

September 30, 2026 · قومی

اسلام آباد میں ایس سی او قومی رابطہ کاروں کے اجلاس میں رکن ممالک کے نمائندگان شریک ہیں۔

اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) قومی رابطہ کاروں کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں تنظیم کے مقاصد کے فروغ اور عملی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پاکستان کی زیرصدارت ایس سی او کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کا پہلا اجلاس 28 سے 30 ستمبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں رکن ممالک کے قومی رابطہ کاروں اور سیکریٹریٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ کے تحت مجوزہ سرگرمیوں اور اہم اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ آئندہ ایس سی او اجلاس اور تقریبات کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایس سی او قومی رابطہ کاروں کے اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان رابطہ کاری اور عملی تعاون مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ کا مرکزی موضوع ’ویژن کو عملی اقدام میں تبدیل کرنا، رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوش حالی‘ ہے۔

ایس سی او وفود نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کا دورہ کیا، جہاں پاکستانی ثقافت و فنون سے آگاہی حاصل کی۔

وفود نے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کرکے ایس سی او ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ایس سی او ہاکی ٹورنامنٹ 20 نومبر سے 2 دسمبر 2026 تک منعقد ہوگا۔

ایس سی او کے قومی رابطہ کاروں نے 30 ستمبر کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ کی ترجیحات اور رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر قومی رابطہ کاروں نے ایس سی او کے مقاصد کے فروغ اور عملی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔