توجہ کا مرکز بننے والا ایس سی او اجلاس اختتام پذیر۔پاکستان کے پاس دہشت گردی کے شواہد ہیں،مصدق ملک
عالمی فورم کا انعقاد، مصدق ملک کی سرگرمیاں زیر بحث، دوطرفہ مذاکرات نہیں ہوئے
ایس سی او اجلاس کے دوران پاکستانی وفد کی شرکت اور بھارتی میڈیا کی کوریج کا منظر
بھارت میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا پہلا تہذیبی مکالمہ فورم اختتام پذیر ہو گیا ہے جس کے دوران پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک کی موجودگی بھارتی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی رہی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مخالف منفی پروپیگنڈا میں مصروف رہنے والا بھارتی میڈیا اجلاس کے دوران پاکستان کی موجودگی کے باعث اپنا اصل ایجنڈا پسِ پشت ڈال بیٹھا اور کوریج کا محور صرف پاکستان بن گیا۔ اجلاس کی رپورٹنگ میں پاکستانی وفد کی سرگرمیوں کو غیر معمولی اہمیت دی گئی، یہاں تک کہ مصوندق ملک کی اہلیہ کی مختلف سرگرمیاں بھی بھارتی میڈیا کی توجہ سمیٹتی رہیں۔
دوسری جانب بھارتی وزیر ثقافت وویک اگروال نے وضاحت کی ہے کہ اجلاس کے موقع پر پاکستانی وزیر کے ساتھ کوئی باضابطہ دوطرفہ بات چیت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضیافتوں اور اجلاس کے دوران بھارتی وفد کے ارکان کی پاکستانی وزیر سے ملاقاتیں اور غیر رسمی تبادلہ خیال ضرور ہوا۔ رپورٹس کے مطابق مصدق ملک نے تاجکستان اور ایران کے حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں جن میں ثقافتی تعاون اور باہمی روابط سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تین روز تک جاری رہنے والا یہ فورم انڈراپرستھا اعلامیے کی منظوری کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اعلامیے میں تہذیبی ورثے کے تحفظ، ثقافتی نوادرات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام، مختلف تہذیبوں کو مساوی اہمیت دینے اور مشترکہ ثقافتی منصوبوں کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر بات چیت ضرور ہونی چاہیے، لیکن ہر بات مستند حقائق اور شواہد کی بنیاد پر کی جانی چاہیے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ محض الزامات عائد کرنے یا اشتعال انگیز بیانات دینے سے دیرینہ مسائل کا حل ہرگز ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی جیسے سنگین چیلنج کے اثرات سے سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہوا ہے اور پورا خطہ اس کی لپیٹ میں ہے، اس لیے اس لعنت کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ممالک کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے یاد دلایا کہ پاکستان متعدد بار بھارت سے دہشت گردی کے حوالے سے ٹھوس شواہد کا مطالبہ کر چکا ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے پاس بھی دہشت گردی سے متعلق مصدقہ شواہد موجود ہیں، جن کا تبادلہ دونوں ممالک دوطرفہ رابطوں کے ذریعے یا کسی بھی مناسب اور مروجہ فورم پر کیا جا سکتا ہے۔