ایشین گیمز والی بال:پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

میچ میں پاکستان نے مجموعی طور پر 75 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ بھارت 60 پوائنٹس تک محدود رہا

October 1, 2026 · اسپورٹس
ایشین گیمز والی بال:پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

ایشین گیمز والی بال:پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

جاپان میں جاری ایشین گیمز کے مینز والی بال مقابلوں میں پاکستان نے بھارت کو کوارٹر فائنل میں مسلسل تین سیٹس میں شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستانی ٹیم نے بھارت کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا سیٹ 25-19 سے اپنے نام کیا، جبکہ دوسرے سیٹ میں بھی سخت مقابلے کے بعد 25-23 سے کامیابی حاصل کی۔

تیسرے سیٹ میں پاکستان نے 25-18 سے کامیابی حاصل کرکے میچ 0-3 سے جیت لیا۔ پاکستان نے یہ کوارٹر فائنل ایک گھنٹہ 20 منٹ میں مکمل کیا۔

میچ میں پاکستان نے مجموعی طور پر 75 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ بھارت 60 پوائنٹس تک محدود رہا۔ پاکستان نے اسپائکس کے ذریعے 50 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ بھارت نے اس شعبے میں 33 پوائنٹس بنائے۔

پاکستان نے بلاکس سے 6 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ بھارت کو 4 پوائنٹس مل سکے۔

پاکستان کی جانب سے مراد خان نے سب سے زیادہ 22 پوائنٹس اسکور کیے، جن میں 21 پوائنٹس اسپائکس اور ایک پوائنٹ سروس کے ذریعے حاصل کیا گیا۔ مصور خان نے 7، حماد نے 8 جبکہ عثمان فریاد نے 9 پوائنٹس بنائے۔

بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان نے ایشین گیمز مینز والی بال کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔