صومالیہ میں جاں بحق پاکستانیوں کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے امداد کا اعلان
اہم پیش رفت، وزیراعظم نے مالی معاونت کی منظوری دی، چار ملاح بازیاب ہوگئے
صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کے لواحقین کے لیے امداد کا اعلان اور بازیاب ملاحوں کی واپسی کی تیاریاں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صومالیہ میں بحری قزاقوں کے قبضے سے جہاز کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانی شہریوں کے لواحقین کے لیے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے شہری کاشف عمر کے صاحبزادے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت سوگوار خاندانوں کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔
سرکاری ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق پاکستانیوں سید کاشف عمر، محمود احمد انصاری اور رفیع اللہ خان کے اہل خانہ کے لیے مالی امداد کے علاوہ بچوں کو مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کو حکومت کی جانب سے رہائشی مکانات بھی دیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے وزارت خارجہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ صومالی حکام سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے جاں بحق افراد کی میتیں جلد از جلد پاکستان منتقل کرنے کے اقدامات کو تیز کیا جائے۔
ادھر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ صومالیہ کے ساحل کے قریب بحری قزاقوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے جہاز کے یرغمال 10 پاکستانی عملے میں سے 4 ارکان کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ بازیاب ہونے والے شہریوں میں یاسر خان، عقیل خان، امین بن شمس اور عثمان غنی شامل ہیں جو جلد وطن واپس پہنچیں گے۔ وزارت خارجہ اور جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی کوششوں سے بازیاب ہونے والے ان شہریوں کی واپسی کے بعد بقیہ عملے کی بحفاظت بازیابی کے لیے بھی دوست ممالک کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس 21 اپریل کو عمان سے صومالیہ جانے والے آئل ٹینکر کو صومالیہ کے نیم خود مختار علاقے پنٹ لینڈ کے ساحل کے قریب اغوا کیا گیا تھا جس میں 10 پاکستانی ملاح بھی شامل تھے۔ پنٹ لینڈ میری ٹائم پولیس فورس نے 3 روز قبل جہاز کو آزاد کرانے کے لیے آپریشن کیا تھا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔