کاکروچ جنتا پارٹی کا جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان
احتجاج کے دوران انتخابی فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ووٹرز کے نام حذف کیے جانے پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔
کاکروچ جنتا پارٹی کا جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان
ممبئی: بھارت کی کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر آج سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
ممبئی کے شیواجی پارک میں الیکشن کمیشن کے خلاف ہونے والے احتجاج میں اداکار نصیرالدین شاہ، شبانہ اعظمی اور گلوکار و موسیقار وشال دادلانی سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ احتجاج کے دوران انتخابی فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ووٹرز کے نام حذف کیے جانے پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے احتجاج کی اجازت نہ دیے جانے کے باوجود مظاہرین شیواجی پارک پہنچے۔ سی جے پی کے بانی ابھجیت دپکے نے اعلان کیا کہ اگر چیف الیکشن کمشنر مستعفی نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ ممبئی سے بڑھا کر ملک کے دیگر شہروں تک لے جایا جائے گا اور بعد ازاں جنت منتر پر بھی احتجاج کیا جائے گا۔
ابھجیت دپکے نے دعویٰ کیا ہے کہ انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی کے دوران تقریباً 13 کروڑ ووٹرز کے نام حذف کیے گئے۔ تاہم یہ تعداد اور اس سے متعلق الزامات سیاسی رہنماؤں اور مظاہرین کے دعووں پر مبنی ہیں، جبکہ بھارتی الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی سے متعلق الزامات کی تردید کی ہے۔
سی جے پی کی جانب سے احتجاج کو ملک گیر سطح تک پھیلانے کے اعلانات کے بعد نئی دہلی کے جنت منتر سمیت مختلف مقامات پر سیکیورٹی بھی بڑھائی گئی ہے۔