امید ہے آج حکومت اور اپوزیشن کی بیٹھک سے قوم کو خوشخبری ملے گی:علی محمد خان

آئین، قانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی

October 3, 2026 · قومی

پارٹی کو مشورہ دیا ہے کہ لانگ مارچ ایک صورت میں مؤخر ہو سکتا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر عمل درآمد کروائے: رہنما پی ٹی آئی۔ فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ امید ہے آج حکومت اور اپوزیشن کی بیٹھک سے قوم کو خوشخبری ملے گی۔
علی محمد خان نے کہا کہ کمیٹی میں پارٹی کو مشورہ دیا ہے کہ لانگ مارچ ایک صورت میں مؤخر ہوسکتا ہے۔ وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائے اور عدالتی فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو شامل کیا جائے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنے پر تیار ہوتی ہے تو یہ فریقین کے لیے باعث عزت ہوگا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور آئین پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔ آئین و قانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام مطالبات آئین اور قانون کے مطابق ہیں۔ دہشتگردی سے پاکستان کا ہر شہری متاثر ہے، جبکہ صوبائی اسمبلی کے جرگے میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے دستخط موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں پاکستان اور خیبرپختونخوا دہشتگردی نہیں بلکہ سیاحت کے لیے جانے جاتے تھے۔