وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کامیابی سے جاری، 75 لاکھ سے زائد شہری مستفید
اہم پیش رفت، اسکیم کا تیسرا ہفتہ شروع، 84 لاکھ افراد کی رجسٹریشن مکمل۔
وزیراعظم شہباز شریف پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں اسکیم کے تحت ہونے والے اب تک کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وزارتِ آئی ٹی اور متعلقہ اداروں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 15 ستمبر سے شروع ہونے والی اس عوامی فلاحی اسکیم کے تحت اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد کی رجسٹریشن ہو چکی ہے جبکہ مستفید ہونے والے شہریوں کی کل تعداد 75 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو براہ راست فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پیٹرول سبسڈی اسکیم کے آغاز سے اب تک ایک کروڑ 22 لاکھ سے زائد ٹوکنز جاری کیے جا چکے ہیں جن میں سے 1 کروڑ 3 لاکھ سے زائد ٹوکنز کامیابی سے استعمال ہو چکے ہیں جبکہ اسکیم کا ٹوکن استعمال کرنے کا تناسب 84.4 فیصد رہا ہے۔ ملک بھر کے 129 اضلاع میں اس اسکیم پر مؤثر عملدرآمد جاری ہے اور تمام پیٹرول پمپس شہریوں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں کم آمدن اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پوری حکومتی ٹیم، وزراء اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم حکومتی مشینری کے مؤثر اور مربوط تعاون کی بہترین مثال ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس اسکیم کے ذریعے تیار کیا جانے والا مستحکم ڈیٹا بیس مستقبل میں بھی شہریوں کی فلاح و بہبود اور معاونت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔