لکی مروت میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کیلئے قافلوں کی آمد شروع
ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے چار اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر میں ہفتے کی شب دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی
لکی مروت میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کیلئے قافلوں کی آمد شروع
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں گنڈی چوک سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے، جہاں جنوبی اضلاع سمیت بلوچستان سے بھی پی ٹی آئی کارکنوں کے قافلوں کی آمد اور روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے چار اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر میں ہفتے کی شب دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود پی ٹی آئی کارکن لانگ مارچ میں شرکت کیلئے مختلف علاقوں سے روانہ ہو رہے ہیں۔
گنڈی چوک اور گردونواح میں موبائل فون کے سگنلز متاثر ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس کے باعث رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے مکین سے لانگ مارچ کیلئے روانہ ہونے والے پی ٹی آئی کارکنوں کے قافلے کو دو سڑک کے مقام پر روکنے کی کوشش کی گئی۔ مقامی افراد کے مطابق پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیل استعمال کیے، جس کے نتیجے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس افسر اشفاق خان کے مطابق احتجاج کے دوران شرکا سے پرامن رہنے اور قانون ہاتھ میں نہ لینے کی اپیل کی گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعض مظاہرین نے پولیس بیریئرز پر حملہ کیا، جس کے بعد امن و امان برقرار رکھنے اور اہلکاروں و سرکاری املاک کے تحفظ کیلئے آنسو گیس اور پلاسٹک کی گولیاں استعمال کی گئیں۔
پولیس حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ کارروائی کا مقصد احتجاج کو دبانا نہیں تھا بلکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنا اور امن و امان برقرار رکھنا تھا۔
ادھر ڈیرہ اسماعیل خان سے پی ٹی آئی کے قافلے کی قیادت سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ لانگ مارچ عمران خان سے کیے گئے عہد کی تجدید اور پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کا اظہار ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران خان کیلئے پہلے بھی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عمران خان کے خلاف مقدمات اور ان کی طویل قید کے معاملے میں انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کنٹینر بھی گنڈی چوک پہنچ گیا ہے، جبکہ ان کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کیلئے گنڈی چوک میں ہیلی پیڈ تیار کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے مختلف علاقوں سے قافلوں کی روانگی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہیں، جن میں بعض مقامات پر راستوں میں رکاوٹیں بھی دکھائی گئی ہیں۔