جامعہ سندھ جامشورو کے بیچلر پروگرامز کیلئے پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

پہلا مرحلہ، 8676 امیدواروں کی شرکت، نتائج کا اعلان آج ہی ہوگا

October 4, 2026 · اہم خبریں
جامعہ سندھ جام شورو میں پری انٹری ٹیسٹ کے موقع پر امیدواروں کی بڑی تعداد کی آمد کا منظر

جامعہ سندھ جام شورو میں پری انٹری ٹیسٹ کے موقع پر امیدواروں کی بڑی تعداد کی آمد کا منظر

جامعہ سندھ جامشورو کے نئے تعلیمی سال 2027 کے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ اتوار کے روز منعقد ہوا، جس کے پہلے مرحلے میں سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 8676 مرد و خواتین امیدواروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے سخت سکیورٹی کے انتظامات سمیت طلبہ کی سہولت کے لیے بہترین اقدامات کیے گئے تھے۔

انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں پریس بریفنگ کے دوران شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے میڈیا کو بتایا کہ ٹیسٹ کے دونوں مراحل کے لیے مجموعی طور پر 22511 امیدواروں نے آن لائن درخواستیں دی ہیں، جن میں 16237 مرد اور 6274 خواتین امیدوار شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں کل 8676 امیدوار شریک ہوئے، جن میں 6857 مرد اور 1819 خواتین امیدواروں نے حصہ لیا۔ وی سی نے اس امر پر زور دیا کہ پورا امتحانی عمل مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ اور شفاف ہے، اور امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر ہی داخلے دیے جائیں گے۔

پہلے مرحلے کے اس انٹری ٹیسٹ میں کراچی، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، دادو، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی، جیکب آباد، کشمور، خیرپور، مٹیاری، نوشہرو فیروز، شکارپور اور سکھر کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے شرکت کی۔ امیدواروں کی سہولت کے لیے ٹرانسپورٹ کی خصوصی سہولیات فراہم کی گئیں، الگ راستے مقرر کیے گئے اور 200 سے زائد رضاکاروں نے طلبہ کی رہنمائی کی۔ اس کے علاوہ طبی امداد کے لیے کیمپس میں میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے اور ہاسٹلز میں 1 ہزار سے زائد امیدواروں اور ان کے والدین کو رہائش فراہم کی گئی۔