ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے کنٹری گلوکارہ الیکسس ولکنز سے منگنی کر لی

اہم پیش رفت، سوشل میڈیا پر اعلان کر دیا گیا، تقریب میں متعدد شخصیات کی شرکت

October 5, 2026 · کائنات کے رنگ
ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل اور گلوکارہ الیکسس ولکنز

ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل اور گلوکارہ الیکسس ولکنز

 

فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اپنی دیرینہ ساتھی اور کنٹری گلوکارہ الیکسس ولکنز کے ساتھ منگنی کر لی ہے۔ اس خوشخبری کا اعلان اتوار کی شام سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے کیا گیا۔ 27 سالہ الیکسس ولکنز نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ہیرے کی انگوٹھی پہنے دکھائی دے رہی ہیں، اور ساتھ ہی دلچسپ کیپشن درج کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 46 سالہ کاش پٹیل اور الیکس ولکنز سال 2025 میں ایف بی آئی کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں ہیں۔ الیکس ولکنز نے کاش پٹیل کی حلف برداری کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔ الیکس ولکنز ایک کنٹری سنگر ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف قدامت پسند گروہوں سے بھی وابستہ ہیں اور انہوں نے 2023 میں اپنا پہلا البم جاری کیا تھا۔

دوسری جانب، کاش پٹیل کو ماضی میں سرکاری طیاروں کے مبینہ ذاتی استعمال اور الیکس ولکنز کے ساتھ عوامی تقریبات میں شرکت پر بھی کچھ سوالات اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پنسلوانیا کے شہر اسٹیٹ کالج میں ایک پرو ریسلنگ ایونٹ کے دوران بھی ان کی شرکت زیرِ بحث رہی تھی جہاں الیکس ولکنز نے قومی ترانہ گایا تھا۔ جوڑے کی جانب سے منگنی کے اعلان کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں اس پر تبصرے کیے جا رہے ہیں۔