ملتان کے نجی بینک کے لاکر سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا غائب
انوکھی واردات، بینک منیجر مبینہ طور پر فرار، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں
ملتان کے نجی بینک کے لاکر سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا غائب
ملتان میں پیش آنے والے ایک انوکھے واقعے میں نجی بینک کے لاکر سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے مالیت کا 80 تولہ سونا غائب ہو گیا ہے، جس سے خاتون کسٹمر کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
متاثرہ خاتون کسٹمر کے مطابق وہ کچھ دن قبل اپنا لاکر چیک کرنے کے لیے بینک آئیں تو اس میں چابی نہیں لگ رہی تھی۔ آج جب انہوں نے دوبارہ بینک آکر لاکر کھلوا کر چیک کیا تو وہ بالکل خالی تھا۔
متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ لاکر سے سونا غائب ہونے کا انکشاف ہوتے ہی متعلقہ بینک منیجر بھی موقع سے فرار ہو گیا۔ اس سنگین واقعے کے بعد متاثرہ کسٹمر نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کر لیا ہے تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضابطے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور بینک کے اندرونی معاملات سمیت فرار ہونے والے مینیجر کی تلاش کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔