پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 7 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاط برتنے، بوسیدہ اور کچے مکانات سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت

October 6, 2026 · ماحولیاتی تغیر
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 7 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 7 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

لاہور: پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج سے 7 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد سمیت کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے بتایا کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس کے باعث کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاط برتنے، بوسیدہ اور کچے مکانات سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آندھی یا طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے جبکہ گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے اجتناب کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کے کھمبوں اور تاروں کے قریب جانے سے روکیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔