لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا
گلبرگ میں واقع سی ای آر پی آفس کے مقام پر فضائی آلودگی کا اشاریہ 300 ریکارڈ ہوا
لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا
لاہور: فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔
عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق لاہور کا مجموعی فضائی معیار کا اشاریہ 199 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح اس سے بھی زیادہ رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق گلبرگ میں واقع سی ای آر پی آفس کے مقام پر فضائی آلودگی کا اشاریہ 300 ریکارڈ ہوا۔ اسی طرح کاہنہ نو میں 244، برکی روڈ پر 224، ماڈل ٹاؤن میں 220 اور ڈیفنس میں 201 کی سطح ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے لاہور میں آج اور کل بارش کے امکانات ظاہر کیے ہیں، جس سے موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 22 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔