باچا خان میڈیکل کمپلیکس اور الائیڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوٹس کا ریگولر میڈیکل ڈائریکٹر تعینات
باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا
ماہرِ امراضِ اطفال پروفیسر ڈاکٹر سجاد الرحمن کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس اور الائیڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوٹس، ایم ٹی آئی صوابی کا نیا میڈیکل ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کر دی ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر سجاد الرحمن باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں شعبہ اطفال کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ بچوں کے امراض کے علاج اور تدریسی و طبی شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مختلف طبی تربیتی پروگراموں، سیمینارز، سمپوزیمز اور ورکشاپس کے انعقاد میں بھی فعال کردار ادا کر چکے ہیں۔
باچا خان میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ اور بورڈ آف گورنرز، ایم ٹی آئی صوابی نے پروفیسر ڈاکٹر سجاد الرحمن کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ریگولر بنیادوں پر میڈیکل ڈائریکٹر کی تعیناتی ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف باچا خان میڈیکل کمپلیکس بلکہ ایم ٹی آئی صوابی کے زیرِ انتظام تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں بھی طبی خدمات، انتظامی امور اور مریضوں کی دیکھ بھال میں مزید بہتری لانے میں مدد ملے گی۔
پروفیسر ڈاکٹر سجاد الرحمن نے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کی ترجیحات میں ایمرجنسی، شعبہ اطفال، انتہائی نگہداشت یونٹ، کریٹیکل کئیر یونٹ سمیت دیگر طبی شعبوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا، مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی، طبی خدمات کو مزید مستحکم کرنا اور ڈاکٹروں، نرسز اور دیگر معاون عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینا شامل ہے۔