بلوچستان کی دشت ویلی میں گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت بنجر زمینیں سرسبز کھیتوں میں تبدیل
اہم زرعی پیش رفت، بنجر اراضی آباد، کسانوں کو سہولیات فراہم۔
دشت ویلی میں گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت سرسبز ہونے والے کھیتوں کا ایک منظر
دشت ویلی ،بلوچستان میں گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت بنجر زمینیں سرسبز کھیتوں میں تبدیل ہونے لگی ہیں، جس سے خطے میں زرعی ترقی کے نئے امکانات روشن ہو گئے ۔
دستیاب رپورٹس کے مطابق اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 3300 ایکڑ اراضی کو کامیابی کے ساتھ ہموار کیا گیا تاکہ آبپاشی کے لیے پانی کی یکساں اور بہتر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
منصوبے کے تحت مقامی کسانوں کو جدید زرعی طریقوں سے روشناس کرانے اور ان کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں شمسی ٹیوب ویلز کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے جس سے کسانوں کو سستی، صاف اور ماحول دوست آبپاشی کی سہولت میسر آ رہی ہے۔
شمسی توانائی کے استعمال سے جہاں ایک طرف بجلی کے بھاری اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، وہیں دوسری طرف پانی کی قلت پر قابو پانے میں بھی بڑی حد تک مدد ملی ہے۔ ماہرین کے مطابق دشت ویلی کے کھیتوں میں لوٹتی یہ ہریالی گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت زرعی ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کی عکاس ہے۔