شمالی کوریا کے ہیکرز کا مصنوعی ذہانت اور جعلی ویڈیو کالز کے ذریعے 40 کروڑ ڈالر چرانے کا انکشاف

خفیہ سوشل انجینئرنگ اسکیم، ایف بی آئی کا انکشاف، اربوں ڈالر غیر قانونی ہتھیاروں پر خرچ۔

November 13, 2026 · بام دنیا
شمالی کوریا کے ہیکرز کا مصنوعی ذہانت اور جعلی ویڈیو کالز کے ذریعے 40 کروڑ ڈالر چرانے کا انکشاف

شمالی کوریا کے ہیکرز کا مصنوعی ذہانت اور جعلی ویڈیو کالز کے ذریعے 40 کروڑ ڈالر چرانے کا انکشاف

امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کی ریاستی سرپرستی میں کام کرنے والے ہیکرز نے شناخت کی چوری اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جعلی ویڈیو کالز کے ذریعے 40 کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم چرالی ہے۔ امریکی تحقیقاتی ادارے کے مطابق اس انتہائی مؤثر سوشل انجینئرنگ اسکیم کا نام ’فیس اسٹیلر‘ رکھا گیا ہے، جس کے ذریعے گزشتہ 18 ماہ کے دوران یہ بڑی وارداتیں کی گئیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی کے سائبر برانچ آپریشنز کے ڈائریکٹر بریٹ لیدر مین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی حکومت اپنے غیر قانونی ہتھیاروں کے پروگرام کی فنڈنگ کے لیے بڑے پیمانے پر کریپٹو کرنسی کی چوری سے حاصل ہونے والی رقم پر انحصار کرتی ہے اور اس نے حالیہ برسوں میں اربوں ڈالر چرائے ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں بھی ایف بی آئی نے شمالی کوریا سے وابستہ ہیکرز پر کریپٹو کرنسی پلیٹ فارم ‘بائنانس’ سے 6 ارب ڈالر چرانے کا الزام عائد کیا تھا، تاہم شمالی کوریا نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ’فیس اسٹیلر‘ اسکیم کے تحت ہیکرز متاثرہ شخص کے کسی جاننے والے کا روپ دھار کر انہیں ویڈیو میٹنگ پر آمادہ کرتے ہیں اور اعتماد حاصل کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کردہ ‘ڈیپ فیک’ ویڈیوز کا استعمال کرتے ہیں۔ اس کے بعد ہیکرز ایک جعلی تکنیکی خرابی پیدا کرتے ہیں جسے دور کرنے کے بہانے متاثرہ شخص کو کسی لنک پر کلک کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے، جس سے ان کے سسٹم میں میلویئر انسٹال ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد متاثرہ شخص کی کانٹیکٹ لسٹ، سوشل میڈیا اور کمیونیکیشن ایپس تک رسائی حاصل کرکے ہیکرز ان کا روپ دھار کر اگلے ہدف کو اپنے جال میں پھنسا لیتے ہیں۔

ایف بی آئی کے لاس اینجلس فیلڈ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیٹرک گرانڈی نے اس حوالے سے بتایا کہ فیس اسٹیلر ایک انتہائی مؤثر سوشل انجینئرنگ اسکیم ہے جو انتہائی تجربہ کار، تکنیکی طور پر ماہر اور سکیورٹی کے حوالے سے محتاط کمپیوٹر صارف کو بھی دھوکہ دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ تحقیقاتی ادارے نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے فیس اسٹیلر کا شکار ہونے والے افراد کی 900 سے زائد ویب کیم ویڈیوز بھی اپنی تحویل میں لے لی ہیں۔