موریطانیہ کشتی حادثہ کیس، انسانی سمگلر طارق محمود کو 10 سال قید بامشقت کی سزا
20 لاکھ روپے جرمانہ عائد ،جاں بحق نوجوانوں کے ورثا مصباح بی بی اور محمد جعفر کو 10، 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم
فائل فوٹو
جڑانوالہ: موریطانیہ کشتی حادثہ کیس میں ایف آئی اے کو کامیابی مل گئی، سپیشل جج سنٹرل ون نے انسانی سمگلر طارق محمود کو مجموعی طور پر 10 سال قید بامشقت اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
ایف آئی اے کے مطابق مجرم طارق محمود نے 2 نوجوانوں کو اسپین بھجوانے کے نام پر متاثرہ خاندان سے 80 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ موریطانیہ کشتی حادثے میں متاثرہ خاندان کا بیٹا اور بھتیجا جاں بحق ہو گئے تھے۔
عدالت نے جاں بحق نوجوانوں کے ورثاء مصباح بی بی اور محمد جعفر کو 10، 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مجرم کو ایمیگریشن آرڈیننس کی دفعہ 22 بی کے تحت 10 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 17 ٹو بی کے تحت 4 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ اسمگلنگ ایکٹ کے تحت 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
عدالت کے مطابق مجرم کی تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی، جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔