پنجاب حکومت نے اینٹی ریپ ایکٹ لانے اور خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا، عظمیٰ بخاری
اہم پیش رفت، وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس، مقدمات میں سزاؤں کی شرح بڑھانے پر اتفاق۔
پنجاب میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے اینٹی ریپ ایکٹ اور خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے تدارک کے لیے اینٹی ریپ ایکٹ لانے اور خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں امن و امان اور خواتین و بچوں کے حقوق سے متعلق منعقدہ ایک خصوصی اجلاس کے دوران کیا گیا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ اس نئے قانون کو خواتین کے تحفظ کے دیگر قوانین جیسے گھریلو تشدد کے خلاف خواتین کا تحفظ ایکٹ اور پنجاب ڈیسیٹیٹیوٹ اینڈ نیگلیکٹڈ چلڈرن ایکٹ کے ساتھ ملا کر ایک جامع قانونی فریم ورک کے تحت نافذ کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی جو خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات میں تیز رفتاری سے ٹرائل مکمل کرکے متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گی۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں انکشاف کیا گیا کہ سال 2025 میں خواتین اور بچوں کے خلاف مقدمات میں سزاؤں کی شرح صرف 0.7 فیصد رہی، جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔ “اس سے اندازہ لگا لیں کہ جرائم پیشہ افراد کسی عورت یا بچے کے ساتھ ظلم کرتے ہیں اور پھر وکٹری کا نشان بناتے ہوئے بڑی آسانی سے بری ہو کر باہر آ جاتے ہیں۔” وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس کم ترین سزا کی شرح پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تفتیش اور پراسیکیوشن کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بھی معاونت لی جائے گی جبکہ آڈیو اور ویڈیو شہادتوں کی مؤثر ریکارڈنگ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، بچوں کے خلاف جرائم کے 44 فیصد کیسز میں پڑوسی جبکہ 54 فیصد کیسز میں گھر کے افراد یا قریبی رشتہ دار ملوث پائے گئے ہیں۔ حکومت نے جرائم کی روک تھام کے لیے ورچوئل پولیس اسٹیشنز، ورچوئل سینٹرز فار چائلڈ سیفٹی، ہیلپ ڈیسک اور موبائل پولیس اسٹیشنز قائم کیے ہیں جن کے ذریعے لاکھوں شکایات کا ازالہ اور ہزاروں گمشدہ بچوں کو بازیاب کرایا گیا ہے۔