وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائی کورٹ کو آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات سننے کی اجازت دے دی

عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

November 16, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائی کورٹ کو آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات سننے کی اجازت دیتے ہوئے 5 نومبر کو جاری کیے گئے حکمِ امتناع میں ترمیم کر دی ہے۔

آئینی عدالت میں سماعت کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے حکم نامے کی وجہ سے پشاور ہائی کورٹ کی کارروائی متاثر ہو رہی ہے اور عدالت اس ضمن میں مقدمات نہیں سن رہی۔ اُن کا کہنا تھا کہ آئینی عدالت کے حکم کے باعث وکلا کی پریکٹس بھی متاثر ہوئی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی آئینی عدالت کا حکمِ امتناع گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق معاملات کے حوالے سے تھا۔

چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ کے رکن جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ پشاور ہائی کورٹ آرٹیکل 199 کے دیگر مقدمات سن سکتی ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 245، جو کسی بھی علاقے میں فوج طلب کرنے سے متعلق ہے، کی بظاہر سادہ تشریح کے مطابق آرٹیکل 199 کے مقدمات نہیں سنے جا سکتے۔

سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر نے عدالت سے استدعا کی کہ تھری ایم پی او کے تحت بھی ریلیف دیا جائے کیونکہ خیبر پختونخوا میں اب تک ریویو بورڈ قائم نہیں کیا گیا۔ اس پر بینچ نے بیرسٹر گوہر کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے پر پشاور میں آئینی عدالت کی رجسٹری برانچ سے رجوع کریں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پشاور ہائی کورٹ میں درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے کا فیصلہ بھی ہونا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے متعدد افراد گرفتار ہیں اور اُن کے گرفتار کارکن پولیس لائنز میں موجود ہیں۔ انھوں نے عدالت سے اس معاملے میں ریلیف دینے کی استدعا بھی کی۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ریویو بورڈ سے رجوع کرنے کے حوالے سے تین ماہ کا عرصہ درکار ہو گا۔

عدالت نے ان درخواستوں میں پشاور بار کونسل کو فریق بننے کی اجازت دے دی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بار کونسل کے علاوہ دیگر درخواستیں ابھی سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئیں کیونکہ وہ گذشتہ روز پشاور رجسٹری میں دائر کی گئی ہیں۔

اس موقع پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ یہ ایک اہم مقدمہ ہے اور بار کونسلز کو ضرور آنا چاہیے کیونکہ ایمرجنسی سے متعلق معاملہ اہمیت کا حامل ہے۔

عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔