اسلام آباد ہائیکورٹ کا بری امام ہاؤس کی ملکیت کے ثبوت 5 روز میں سی ڈی اے میں جمع کرانے کا حکم

پانچ دن میں ثبوت جمع کرانے کا حکم، سی ڈی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت۔

November 16, 2026 · قومی
اسلام آباد ہائیکورٹ کا بری امام ہاؤس کی ملکیت کے ثبوت 5 روز میں سی ڈی اے میں جمع کرانے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا بری امام ہاؤس کی ملکیت کے ثبوت 5 روز میں سی ڈی اے میں جمع کرانے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس کی ملکیت سے متعلق ایک اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے درخواست گزار کو ملکیت کے تمام ثبوت 5 دن کے اندر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے پاس جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالتی دستاویز کے مطابق جسٹس ایاز شوکت نے 5 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ ملکیتی دستاویزات موصول ہونے کے بعد تحریری وجوہات کے ساتھ حتمی فیصلہ کیا جائے۔ فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر درخواست گزار مقررہ مدت میں ملکیت کے ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا تو سی ڈی اے قانون کے مطابق اپنی کارروائی آگے بڑھائے گا۔ اس کے علاوہ حکم امتناع سے متعلق سابقہ عدالتی حکم بھی اسی فیصلے کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

دوران سماعت، وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ پراپرٹی ان کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ وہ صرف دربار کے کیئر ٹیکر ہیں اور یہ جگہ دربار کا ہی حصہ ہے۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا گدی نشین کا کوئی دستاویزی ثبوت موجود ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ گدی نشین کا کوئی باقاعدہ ڈاکومنٹ نہیں ہوتا اور اصل دستاویزات سی ڈی اے کے پاس ہیں۔

دوسری جانب سی ڈی اے کے وکیل کاشف علی ملک نے عدالت کو بتایا کہ متفرق درخواست میں تمام ریکارڈ جمع کرا دیا گیا ہے اور مذکورہ فریق نے سی ڈی اے کی اراضی پر تجاوزات قائم کی ہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ جاری کر دیا۔