اوپن مارکیٹ میں گندم 5 ہزار 900 روپے فی من تک پہنچ گئی، آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ

پنجاب سمیت بڑے شہروں میں گندم مہنگی،فلار ملز کا پانچ لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا مطالبہ

November 16, 2026 · قومی

اوپن مارکیٹ میں گندم 5 ہزار 900 روپے فی من تک پہنچ گئی، آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ

پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹے کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوگیا، جس کے باعث مزید مہنگائی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 5 ہزار 900 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے، جبکہ لاہور میں گندم 5 ہزار 750 روپے اور راولپنڈی و اسلام آباد میں 5 ہزار 920 روپے فی من فروخت ہو رہی ہے۔

گندم کی قیمتوں میں اضافے کے بعد لاہور میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی ہول سیل قیمت 2 ہزار 500 روپے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں 2 ہزار 650 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ زراعت نے رواں برس گندم کی پیداوار میں کمی اور 25 لاکھ ٹن کے شارٹ فال کی تصدیق کردی ہے، جبکہ ٹی سی پی کی جانب سے گندم درآمد کرنے کے باوجود پاکستان کی اوپن گندم مارکیٹ مستحکم نہیں ہوسکی۔

فلار ملز نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ہنگامی بنیادوں پر 5 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ فلار ملز کا کہنا ہے کہ اگر حکومتوں نے بروقت اقدامات نہ کیے تو قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق خدشہ ہے کہ قیمتوں کا موجودہ بحران آٹے کی دستیابی کے بحران میں تبدیل نہ ہوجائے۔