کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، انتہائی مطلوب گینگسٹر گرفتار

اہم کارروائی، بابا لاڈلا گروہ کا کارندہ دبوچا گیا، اسلحہ اور ایمونیشن برآمد۔

November 17, 2026 · قومی
کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، انتہائی مطلوب گینگسٹر گرفتار

کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، انتہائی مطلوب گینگسٹر گرفتار

پاکستان رینجرز سندھ اور ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے کراچی کے علاقے لیاری میں افشانی گلی کلاکوٹ کے مقام پر ایک مشترکہ آپریشن کے دوران بابا لاڈلا اور اسماعیل افشانی گروہ کے انتہائی مطلوب ملزم سلمان عرف سلم عرف سلام کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ وصولی اور پولیس مقابلوں کی متعدد وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا جبکہ اس کا نام کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ریڈ بک میں بھی درج ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم سال 2011 میں لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلا گروہ میں شامل ہوا تھا اور ابتدا میں منشیات فروشی اور پکٹ ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیتا تھا۔

دستاویزات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ریکارڈ کے مطابق ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مخالف گروہ پر گرینیڈ حملوں اور پولیس پر فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے، جن کے نتیجے میں متعدد مخالفین اور راہگیر ہلاک و زخمی ہوئے تھے۔ ملزم کے خلاف کراچی اور اندرون سندھ کے مختلف تھانوں میں پولیس مقابلوں سمیت سنگین نوعیت کے جرائم کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ملزم کراچی آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفتاری سے بچنے کے لیے پہلے بلوچستان اور بعد ازاں بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ بیرون ملک مقیم ہونے کے باوجود وہ بذریعہ فون اپنےگروہ کے کارندوں کے ساتھ رابطے میں رہا اور کراچی میں بھتہ وصولی اور ٹارگٹ کلنگ جیسے جرائم میں مسلسل معاونت فراہم کرتا رہا۔ ملزم حال ہی میں خفیہ طور پر کراچی واپس پہنچا تھا اور اپنے گروہ کو دوبارہ منظم کرنے کی کوششوں میں مصروف تھا۔

گرفتار ملزم کو برآمد شدہ اسلحہ و ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ معاشرے سے جرائم کے خاتمے اور ایسے عناصر کی بیخ کنی کے لیے فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا مددگار واٹس ایپ نمبر پر اطلاع دیں، اور اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔