نیتن یاہو اقتدار سے چلے بھی جائیں تو فلسطینیوں کی واپسی ممکن نہیں،بے گھر فلسطینی مایوس

اسرائیلی فوج نے گزشتہ سال طولکرم پناہ گزین کیمپ میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں فلسطینیوں کو گھروں سے بے دخل کر دیا تھا

November 17, 2026 · بام دنیا
نیتن یاہو اقتدار سے چلے بھی جائیں تو فلسطینیوں کی واپسی ممکن نہیں،بے گھر فلسطینی مایوس

نیتن یاہو اقتدار سے چلے بھی جائیں تو فلسطینیوں کی واپسی ممکن نہیں،بے گھر فلسطینی مایوس

مقبوضہ مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپ طولکرم سے بے دخل کیے گئے ہزاروں فلسطینیوں کی اپنے گھروں کو واپسی کی امیدیں دم توڑنے لگی ہیں۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں حکومت تبدیل ہونے سے بھی ان کی مشکلات کم ہونے کی ضمانت نہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ سال طولکرم پناہ گزین کیمپ میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں فلسطینیوں کو گھروں سے بے دخل کر دیا تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے واضح کیا تھا کہ بے دخل کیے گئے شہریوں کو کیمپ واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس وقت نیتن یاہو کی جماعت گزشتہ ماہ ہونے والے اسرائیلی انتخابات میں نشستیں کھونے کے بعد سیاسی مشکلات کا شکار ہے، جبکہ سابق اسرائیلی جنرل گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

تاہم بے گھر فلسطینیوں کو نئی حکومت آنے سے بھی زیادہ امیدیں وابستہ نہیں۔ 64 سالہ فلسطینی شہری عادل درسیہ کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت ہو یا نئی، اس سے کیا فرق پڑے گا؟ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال اسرائیلی فوجی کارروائی کے نتیجے میں طولکرم پناہ گزین کیمپ سے تقریباً 12 ہزار 100 افراد بے گھر ہوئے۔ یہ کیمپ 1950 میں ان فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے قائم کیا گیا تھا جو 1948 میں اسرائیل کے قیام کے دوران اپنے گھروں سے بے دخل ہوئے تھے۔

بے گھر خاندانوں کی مشکلات صرف رہائش تک محدود نہیں بلکہ خوراک کی فراہمی بھی بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ مقامی فلاحی تنظیمیں متاثرہ خاندانوں میں کھانا تقسیم کر رہی ہیں۔ ایک تنظیم روزانہ تقریباً 400 خاندانوں کے لیے 1200 کھانے تیار کرتی ہے۔

تنظیم کے سربراہ حسین الشیخ علی کا کہنا ہے کہ اگر رضاکار کھانا تیار نہ کریں تو کئی خاندانوں کو بھوکے پیٹ سونا پڑے گا۔

دوسری جانب طولکرم کی عوامی کمیٹی کے سربراہ فیصل سلامہ نے فلسطینیوں کی واپسی روکنے کے نیتن یاہو کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کے قیام سے فوجی کارروائیوں میں کمی کی امید ضرور ہے، تاہم صورتحال غیر یقینی ہے۔

رپورٹ کے مطابق طولکرم کیمپ کا بڑا حصہ تباہ ہو چکا ہے، مکانات مسمار کر دیے گئے، عمارتیں خالی پڑی ہیں اور کاروباری مراکز بھی نذرِ آتش ہو چکے ہیں۔ ایسے میں اگر فلسطینیوں کو واپسی کی اجازت مل بھی جائے تو انہیں اپنے تباہ شدہ گھروں اور علاقوں کی تعمیر نو کے بڑے چیلنج کا سامنا ہوگا۔

یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات کی پالیسی ماہر بیتھ اوپن ہائم کے مطابق اسرائیل میں مغربی کنارے سے متعلق کئی اہم پالیسیوں پر وسیع اتفاق پایا جاتا ہے، اس لیے صرف سیاسی قیادت کی تبدیلی سے فلسطینیوں کے لیے بنیادی صورتحال بدلنے کا امکان محدود ہے۔