سندھ: چوہڑ جمالی کے قریب سرکاری پرائمری اسکول 6 سال سے بند، 400 سے زائد بچے تعلیم سے محروم
اساتذہ کی عدم تعیناتی سے اسکول کھنڈر بن گیا، والدین کا وزیرِ تعلیم سندھ اور ڈی ای او سجاول سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
گورنمنٹ پرائمری سکول محمد حسن ملاح میں 6 سال پہلے بچے تعلیم حاصل کرتے ہوئے جو اس وقت بند ہے
سندھ: چوہڑ جمالی کے قریب تعلقہ جاتی کے گاؤں محمد حسن ملاح میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول محمد حسن ملاح، ایٹ روڈ موری، گزشتہ چھ سال سے اساتذہ کی عدم تعیناتی کے باعث بند پڑا ہے، جس کے نتیجے میں 400 سے زائد بچے تعلیم کے بنیادی حق سے محروم ہو گئے ہیں۔ اسکول کی مسلسل بندش پر وزیرِ تعلیم سندھ، سیکریٹری تعلیم سندھ اور ڈی ای او سجاول کی عدم توجہی پر علاقہ مکینوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع سجاول کے علاقے چوہڑ جمالی کے قریب دیھ بادیپور، تعلقہ جاتی میں قائم سرکاری پرائمری اسکول کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے۔ اسکول کے دروازے ٹوٹ چکے ہیں، کمروں میں جالے لگے ہوئے ہیں جبکہ صحن میں جھاڑیاں اگ آئی ہیں۔ چھ سال سے تدریسی عمل معطل ہونے کے باعث علاقے کے 400 سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق اسکول بند ہونے کی وجہ سے کئی بچے مزدوری کرنے اور مویشی چرانے پر مجبور ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد بچیاں گھروں میں بیٹھ گئی ہیں۔
متاثرہ والد علی نواز لاکھاٹیو نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ وہ غریب لوگ ہیں اور اپنے بچوں کو نجی اسکولوں میں پڑھانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ سرکاری اسکول کی موجودگی سے انہیں امید تھی کہ ان کے بچے بھی تعلیم حاصل کرکے بہتر مستقبل بنا سکیں گے، لیکن گزشتہ چھ سال سے اسکول بند ہونے کے باعث ان کے بچوں کا مستقبل تاریک ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو قریبی اسکولوں میں بھی داخلہ نہیں مل رہا۔
ایک متاثرہ ماں نے بتایا کہ ان کی بیٹی پڑھنا چاہتی ہے اور روزانہ پوچھتی ہے کہ اسکول کب کھلے گا، مگر ان کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں۔
علاقہ مکینوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف سندھ حکومت تعلیم کی بہتری اور تعلیمی ایمرجنسی کے بڑے بڑے دعوے کرتی ہے، سیمینار منعقد کیے جاتے ہیں اور تقریریں کی جاتی ہیں، جبکہ دوسری جانب سینکڑوں بچے بنیادی تعلیم سے محروم ہیں۔ ان کا سوال ہے کہ اگر چھ سال کے دوران ایک اسکول میں ایک استاد بھی تعینات نہیں کیا جا سکا تو تعلیم کی بہتری کے دعووں کی کیا حیثیت ہے؟
مکینوں کے مطابق انہوں نے متعدد مرتبہ ڈی ای او سجاول، ڈپٹی ڈی ای او اور متعلقہ حکام کو درخواستیں دیں، لیکن ہر بار انہیں صرف یقین دہانیاں کرائی گئیں کہ مسئلہ حل کر دیا جائے گا۔ تاہم چھ سال گزرنے کے باوجود نہ استاد تعینات ہوا اور نہ ہی اسکول دوبارہ کھولا گیا۔
علاقہ مکینوں، والدین اور سماجی حلقوں نے وزیرِ تعلیم سندھ، سیکریٹری تعلیم سندھ اور ڈی ای او سجاول سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ پرائمری اسکول محمد حسن ملاح، ایٹ روڈ موری میں فوری طور پر اساتذہ تعینات کیے جائیں، اسکول کی عمارت کی مرمت کرائی جائے، بچوں کو کتابیں، فرنیچر اور بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں اور تدریسی عمل بحال کیا جائے۔ انہوں نے اسکول کی بندش اور چھ سالہ تعلیمی نقصان کے ذمہ دار افسران کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے سوال اٹھایا ہے کہ 400 سے زائد بچوں کی تعلیم اور مستقبل کا ذمہ دار کون ہے؟ وزیرِ تعلیم سندھ، سیکریٹری تعلیم، ڈی ای او سجاول یا وہ نظام جو غریب بچوں کو تعلیم فراہم کرنے میں ناکام ہے؟
گاؤں کے بچوں اور والدین کا کہنا ہے کہ ان کا قصور کیا ہے کہ انہیں اسکول کی سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے؟ علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس خبر کے بعد بھی اسکول نہ کھولا گیا تو وہ احتجاج، دھرنا اور پریس کلب کے سامنے مظاہرے کریں گے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق یہ صرف ایک اسکول کا مسئلہ نہیں بلکہ ان تعلیمی اداروں کی صورتحال کی عکاسی ہے جو کاغذوں میں فعال ہیں، مگر عملی طور پر بند پڑے ہیں۔