بلاول سمیت سارے لیڈر بتادیں سسٹم کیسے ری سیٹ کریں؟ بیرسٹر گوہر
پی ٹی آئی کے بغیر سیاسی معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے، بلاول نے بھی تسلیم کیا، پارٹی کا اعتماد بحال کرنا ہوگا
بلاول سمیت سارے لیڈر بتادیں سسٹم کیسے ری سیٹ کریں؟ بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا سسٹم کولیپس ہونے سے متعلق بیان تاخیر سے آیا، بلاول سمیت تمام سیاسی رہنما بتائیں کہ سسٹم کو کیسے ری سیٹ کیا جائے؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام رہنما ذاتی مفادات کے لیے اکٹھے ہوئے، جس نے جو فائدہ حاصل کرنا تھا، حاصل کرلیا۔
داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے انصاف مانگا ہے اور یہ ان کا حق ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے ملک کی تینوں بڑی عدالتوں کے چیف جسٹس کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی کا علاج کرایا جائے اور انہیں علاج کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت نہ ہونے دی جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علیمہ خانم کی نظر بندی کے 60 دن مکمل ہوچکے ہیں، پنجاب میں کسی غیر سیاسی خاتون نے اتنی طویل نظر بندی نہیں گزاری۔ یہ صورتحال سسٹم کولیپس کی نشاندہی کرتی ہے۔ بلاول بھٹو کا سسٹم کولیپس سے متعلق بیان تاخیر سے آیا، تمام سیاسی رہنما بتائیں کہ نظام کو کیسے ری سیٹ کیا جائے؟
ان کا کہنا تھا کہ نیب کے قوانین تبدیل کرکے اپنے کیسز ختم کروائے گئے، ای وی ایم کو نکال کر کہا گیا کہ سسٹم کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ آپ نے اقتدار حاصل کیا اور آپ اس کے بینیفشری ہیں، یقیناً کسی اور نے آپ کو اس کرسی تک پہنچایا۔ اگر سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہے تو یہ عوامی فلاح و بہبود اور جمہوریت کے لیے ہونا چاہیے، کیونکہ جمہوریت میں تمام فریق اسٹیک ہولڈر ہوتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں تسلیم کرلیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بغیر بات نہیں بنے گی۔ پی ٹی آئی بھی اسٹیک ہولڈر ہے اور اس کا اعتماد بحال کرانا ہوگا۔ نظام پر اعتماد اسی وقت بحال ہوگا جب لوگوں کو انصاف ملے گا، انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے اور عدلیہ آزاد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی ایک کو بھی شک کا فائدہ نہیں دوں گا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کراچی کی 15 نشستیں ایم کیو ایم کے پاس گئیں، یہ لوگ اپنے مفادات کے لیے اکٹھے ہوجاتے ہیں اور اسے جمہوریت کا نام دیتے ہیں، لیکن جب ان کے مفادات کو ٹھیس پہنچتی ہے تو یہ دوسری طرف چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل تمام جماعتیں موجودہ نظام کی بینیفشری ہیں۔ یہ وقت ہے کہ قومی حکومت کی طرف آیا جائے، آزاد عدلیہ اور الیکشن کمیشن قائم کیا جائے اور انتخابات کرائے جائیں۔ سب استعفے دیں، فوری قومی حکومت بنائیں اور ہمیں انصاف فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی حکومت بنے گی تو یقیناً سب کچھ نیا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کے بغیر کچھ نہیں اور جو بھی فیصلہ ہوگا، بانی کی مشاورت سے ہوگا۔ قومی حکومت میں پارٹی حصہ دار نہیں ہوگی بلکہ تمام معاملات بانی پی ٹی آئی سے مشورے کے بعد طے کیے جائیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت کے پاس موجود مینڈیٹ درست نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے خط کو درخواست تصور کرکے چیف جسٹس کارروائی کریں، ان کا علاج کرائیں اور شکایات دور کریں۔ عدالتی نمائندہ دوبارہ بھیج کر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرایا جائے۔ بانی پی ٹی آئی نہ این آر او مانگ رہے ہیں، نہ فیورٹ بننے کی خواہش رکھتے ہیں اور نہ ہی کسی رعایت کے طلب گار ہیں، وہ صرف اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے خط کے ذریعے انصاف فراہم کرنے کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ سب سے پہلے ان کے حقوق بحال کیے جائیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے ملاقاتوں کے معاملے پر کہا کہ عدالت نے ملاقات کے لیے دو نام دیے تھے، پہلا نام لطیف کھوسہ کا تھا، بعد ازاں پارٹی کی استدعا پر سلمان صفدر کا نام بھی شامل کیا گیا۔ ملاقات کے بعد ہونے والی گفتگو فی الحال اصل بات نہیں ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ملاقات کو منظر عام پر نہیں لانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو ہمیشہ ہدایت کی ہے کہ جو بات کرنی ہے، پارٹی کے پلیٹ فارم پر کریں، باہر نہیں۔ شکر ہے کہ دو افراد ملاقات کے لیے چلے گئے، ایک سیاسی رہنما بھی وکیل کے ساتھ ملاقات کے لیے گیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ طویل المدتی قربت ممکن ہے، کیونکہ دونوں جماعتوں کی پالیسیوں میں بڑا فرق ہے۔ ملاقاتیں کھل کر ہونی چاہئیں اور ہر لفظ پر سیاسی و آئینی قدغن نہیں ہونی چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے پسند ناپسند کی پالیسی ہرگز نہیں ہونی چاہیے اور جو رہنما ان سے ملاقات کرکے آئے، اسے متنازع نہیں بنانا چاہیے۔ ہم ایک سیاسی جماعت ہیں، اختلاف رائے کی بنیاد پر کسی کو نکالا نہیں جاسکتا۔ ملاقات کے بعد لوگوں کی توجہ دوسری طرف مبذول کرانے سے بانی پی ٹی آئی کے مؤقف سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری جماعت کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت پر توجہ دینی چاہیے، بجائے اس کے کہ آپس کے اختلافات میں الجھا جائے۔ پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں، اگر سلمان اکرم راجہ کو نظر آرہی ہے تو انہیں آرہی ہوگی، تاہم اختلاف رائے ضرور ہوسکتا ہے۔
بشریٰ بی بی کے سیل میں سات سانپوں کی موجودگی سے متعلق خبر پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بشریٰ بی بی ایسی غلط خبر باہر کیوں بھیجیں گی؟ اس معاملے پر رپورٹ فائل کرنے کی ضرورت نہیں، جیل انتظامیہ کو اس کا ازالہ کرنا چاہیے۔ اب تک جو ہونا تھا ہوگیا، اب وقت ہے کہ معاملات درست کیے جائیں۔ بشریٰ بی بی کو اس وقت تک اسپتال میں رکھا جائے جب تک ڈاکٹر انہیں مکمل صحت یاب قرار نہ دے دیں۔