سندھ اسمبلی میں انسداد دہشت گردی ترمیمی ایکٹ 2026 منظور

اہم قانون سازی، انچارج جج کی تعیناتی، مقدمات کی منتقلی کا نیا طریقہ کار طے ہو گیا۔

November 18, 2026 · قومی

سندھ اسمبلی میں انسداد دہشت گردی ترمیمی ایکٹ 2026 منظور

سندھ اسمبلی نے انسداد دہشت گردی ترمیمی ایکٹ 2026ء میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔ اسپیکر اویس قادر شاہ کی سربراہی میں ہونے والے اسمبلی اجلاس کے دوران منظور کیے جانے والے اس نئے قانون کا مقصد صوبے میں دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت اور ججز کی تعیناتی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

منظور شدہ ترمیمی قانون کے مطابق ایسے تمام علاقوں میں جہاں 1 سے زائد انسداد دہشت گردی کی عدالتیں موجود ہوں گی، وہاں ایک انچارج جج نامزد کیا جائے گا۔ دستاویز اور منظور شدہ بل کے متن کے مطابق متعلقہ علاقے کے تمام مقدمات ابتدائی طور پر اس انچارج جج کی عدالت میں ہی دائر کیے جائیں گے۔ انچارج جج کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ خود ان مقدمات کی سماعت کرے یا پھر انہیں کسی دوسرے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کے پاس منتقل کر دے۔

ترمیمی ایکٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مقدمات کو فرد جرم (چارج فریم) عائد ہونے سے قبل ہی دوسری انسداد دہشت گردی عدالتوں میں منتقل کیا جا سکے گا، تاہم یہ منتقلی یکدم کرنے کے بجائے ایک ایک کرکے عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ججوں کی تعیناتی کے طریقہ کار میں بھی نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نئے قانون کے تحت نامزد ججز کے پینل پر 10 ورکنگ ڈیز کے اندر اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں محکمہ داخلہ یہ پینل حتمی فیصلے کے لیے حکومت کو ارسال کر دے گا۔