چھوٹے صوبے ناگزیر، سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی گرا تو ذمہ دار بلاول ہوں گے، مصطفیٰ کمال
مصطفیٰ کمال کا پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکومتی کارکردگی، فنڈز اور بلدیاتی اختیارات پر سوال
چھوٹے صوبے ناگزیر، سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی گرا تو ذمہ دار بلاول ہوں گے، مصطفیٰ کمال
کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے چھوٹے صوبوں کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے صوبے بنائے بغیر پاکستان نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو اس کی ذمہ داری بلاول بھٹو زرداری پر ہوگی، کیونکہ وہ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں خون بہنے کی بات کر رہے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سندھ کے حوالے سے گفتگو پر انہیں شدید افسوس ہوا ہے۔ بلاول بھٹو ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں، انہیں اپنی جماعت کی 18 سالہ حکومتی کارکردگی پر بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو معلوم ہونا چاہیے کہ مہاجر برادری طویل عرصے سے نسل کشی اور تشدد کا سامنا کرتی رہی ہے۔ بے نظیر بھٹو کو راولپنڈی میں شہید کیا گیا تو پورا کراچی جلا دیا گیا، مہاجروں کو یہاں جلایا گیا اور فیکٹریاں نذر آتش کی گئیں۔
صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس اہم معاملے پر عوامی ریفرنڈم ہی بہترین راستہ ہے اور عوام کی رائے کو بالادستی حاصل ہونی چاہیے۔ وزیراعظم کے پاس ریفرنڈم کرانے کا اختیار موجود ہے اور امید ہے کہ تحریک انصاف بھی اس معاملے پر ریاست کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کسی جماعت کو بچانا ہے یا پاکستان کو۔ اگر صوبے بنانے کی خواہش عوام میں نہ ہوتی تو بلاول بھٹو ناراض نہ ہوتے۔ اس فیصلے میں تاخیر ہوئی تو شیطانی قوتیں اس معاملے میں شامل ہوسکتی ہیں۔ طارق فضل چوہدری، خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور عطا تارڑ نے بھی ریفرنڈم کے معاملے پر کھل کر بات کی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وفاق سے ملنے والے اختیارات اور فنڈز نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوئے۔ 17 سے 18 سال کے دوران 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی آج بھی رہنے کے قابل نہیں۔ پیپلز پارٹی کو سندھ کارڈ استعمال کرنا ہو تو جئے سندھ کے ذریعے کرواتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں مقامی حکومتوں کے اختیارات کی تشریح کروانے کی کوشش کی گئی، لیکن پیپلز پارٹی نے اس کوشش کو کچل دیا۔ جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت آئی، کراچی کو تقسیم کرکے نئے اضلاع بنائے گئے۔ پہلے ملیر، پھر کیماڑی اور کورنگی ڈسٹرکٹ بنایا گیا، جبکہ آج کراچی کو سات اضلاع میں تقسیم کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ اردو بولنے والے مہاجر ہیں اور ان کی جماعت نے ان علاقوں کے لوگوں کو پانی فراہم کیا جہاں تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز پیپلز پارٹی کے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وہ واحد لوگ ہیں جنہوں نے را کے نیٹ ورک کو توڑا، جب شہر میں قتل و غارت گری ہوتی تھی تو اس وقت یہ صورت حال بعض لوگوں کو سوٹ کرتی تھی۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ہم سندھ کی آبادی کا 38 فیصد ہیں، آبادی کم شمار کیے جانے کے باوجود قومی ترقیاتی پروگرام میں ہمارے حصے کے ایک ہزار ارب روپے بنتے ہیں، لیکن ہمیں آٹھ روپے بھی نہیں دیے جاتے۔ ان کے مطابق 73 لاکھ لوگوں کو شمار کیے بغیر آبادی کے اعداد و شمار مکمل کرلیے گئے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب کی تقسیم سے متعلق قرارداد پر ووٹ دیا تھا تو سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خونریزی کس بنیاد پر ہوگی؟