لاہور میں سموگ کی شدت برقرار، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست
فضائی آلودگی تشویشناک، اے کیو آئی 400 سے تجاوز کرگیا، طبی ماہرین کی احتیاطی تدابیر کی اپیل۔
لاہور میں سموگ کی شدت برقرار، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ کی شدت بدستور برقرار ہے اور صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست آ گیا ہے جہاں سموگ کی اوسط شرح 325 تک جا پہنچی ہے۔
محکمہ موسمیات اور ماحولیاتی اعداد و شمار کے مطابق جی سی یونیورسٹی کے اطراف ایئر کوالٹی انڈیکس یعنی اے کیو آئی 424 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں آلودگی کی سطح 420 اور ماڈل ٹاؤن میں 350 تک جا پہنچی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد اور رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے دیگر شہروں کی فضا بھی شدید آلودگی کی لپیٹ میں ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق خانیوال میں اے کیو آئی کی سطح حیرت انگیز طور پر 1202 اور قصور میں 694 پارٹیکولیٹ میٹرز تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملتان میں فضائی آلودگی کا اشاریہ 323 اور گوجرانوالہ میں 260 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے۔
طبی ماہرین نے فضائی آلودگی کی اس خطرناک صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور باہر جاتے وقت ماسک کا لازمی استعمال کریں۔