ویڈیو گیمز کے شائقین کا 13 برس کا طویل انتظار بالآخر ختم، جی ٹی اے سکس باضابطہ طور پر لانچ
13 سال بعد ریلیز، اربوں ڈالر کی لاگت، دنیا بھر میں غیر معمولی پذیرائی۔
ویڈیو گیمز کے شائقین کا 13 برس کا طویل انتظار بالآخر ختم، جی ٹی اے سکس باضابطہ طور پر لانچ
ویڈیو گیمز کے شائقین کا 13 برس کا طویل انتظار بالآخر ختم ہو گیا ہے اور معروف کمپنی راک اسٹار گیمز نے ایکشن ایڈونچر گیم سیریز کا چھٹا حصہ جی ٹی اے سکس باضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 دنیا بھر میں مرحلہ وار جاری کی جا رہی ہے جس کی پیداواری لاگت کا تخمینہ ایک ارب ڈالر یا اس سے زیادہ لگایا گیا ہے۔ تاریخ کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی اس گیم کی ریلیز کو ابتدائی جائزوں میں غیر معمولی پذیرائی ملی ہے اور یہ اس وقت پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس پر دستیاب ہے۔
عالمی شیڈول کے مطابق اس کی پہلی لانچ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ہوئی جہاں رات کے 12 بجتے ہی یہ گیم آن لائن دستیاب ہو گئی۔ راک اسٹار گیمز کے مطابق اس گیم کے مرکزی کردار جیسن اور لوشیا ہیں جن کے گرد اس کی کہانی گھومتی ہے۔ گیم کا مرکزی مقام وائس سٹی ہے جو امریکی شہر میامی سے متاثر ہے اور اس میں جدید گرافکس اور حقیقت سے قریب تر ماحول پیش کیا گیا ہے۔ تاہم گیم کے پی سی ورژن کی ریلیز کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
میٹا کرٹک کی تاریخ کی بہترین ویڈیو گیمز کی درجہ بندی میں اس گیم نے 99 اسکور کے ساتھ تیزی سے سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے، اور اس اسکور تک اب تک صرف ایک اور گیم پہنچی ہے جو نینٹینڈو کی 1998 کی کلاسک گیم دی لیجنڈ آف زیلڈا: اوکارینا آف ٹائم ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مقبول فرنچائز کے نئے حصے کی ریلیز کے موقع پر دنیا بھر میں لاکھوں ملازمین اور طلبہ دفاتر اور تعلیمی اداروں سے غیر حاضر رہیں گے جو اسے کھیلنے کے لیے بیماری کا بہانہ بنانے کا سوچ رہے ہیں۔ اس گیم کے ابتدائی طور پر انتہائی مثبت جائزوں نے اس کے ڈویلپر ٹیک ٹو انٹرایکٹو کے امریکی حصص کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔