پاکستان کا آسیان کے ساتھ تجارت اور معاشی شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر زور
اہم سفارتی ملاقات، باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا عزم، نیا لائحہ عمل طے ہوگا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان آسیان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ اسلام آباد میں آسیان کے سیکرٹری جنرل کاؤ کم ہورن کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری دستاویز کے مطابق اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دنیا بھر میں مکالمے کے فروغ کے لیے آسیان کی کاوشوں کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اور خطے میں پائیدار امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے تمام فریقین کو مل کر اجماعتی کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آسیان کے سیکرٹری جنرل کا یہ دورہ دونوں طرف سے باہمی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کی واضح عکاس ہے، جو آنے والے دنوں میں دو طرفہ تعاون کو نئی تقویت فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ بدلتے ہوئے معاشی تناظر میں پاکستان اور آسیان کو اب نئے شعبوں میں تعاون کی راہیں تلاش کرنی چاہئیں، اور اس مقصد کے لیے آج کے مذاکرات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
دوسری جانب، سیکرٹری جنرل آسیان کاؤ کم ہورن نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان سیکٹرل ڈائیلاگ شراکت داری کا آغاز 1993 میں ہوا تھا، اور آسیان اس تاریخی اور دیرینہ شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ دونوں اطراف میں مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔
سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی روابط کو مستحکم کرنے، ثقافتی تبادلوں کو بڑھانے اور نجی شعبے کی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ خطے کے عوام اس شراکت داری سے بھرپور مستفید ہو سکیں۔