کوئٹہ میں گیس باوزر اور مسافر بس کا تصادم، آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق
مکران کوسٹل ہائی وے پر خوفناک حادثہ، تربت سے کراچی جانے والی بس جل کر تباہ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ
کوئٹہ میں گیس باوزر اور مسافر بس کا تصادم، آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق
کوئٹہ کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر ایک مسافر بس اور گیس باوزر کے درمیان پیش آنے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تربت سے کراچی جانے والی مسافر بس ایک تیز رفتار گیس باوزر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گاڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے مسافر بس کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہ جل کر تباہ ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بس میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد مسافر سوار تھے، اور گاڑی مکمل طور پر جل جانے کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ایس پی اسلم بنگلزئی کا کہنا ہے کہ ریسکیو اور سکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر موجود ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات اور متاثرین کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔