ایم کیو ایم ڈرامے بازی بند کرے،کراچی میں دوبارہ فسادات کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، شرجیل میمن

مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول کے ماضی کے الزامات کا حوالہ، استعفے دے کر دوبارہ انتخاب لڑنے کا چیلنج

November 19, 2026 · قومی

ایم کیو ایم ڈرامے بازی بند کرے، کراچی میں دوبارہ فسادات کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ درجنوں لاشیں گرانے والی ایم کیو ایم ڈرامے بازی بند کرے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ جب کراچی میں الطاف حسین کے حکم پر روزانہ 30 سے 40 لاشیں گرتی تھیں تو شام کو مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول صدیقی ٹی وی پر بیٹھ کر اس کا دفاع کرتے تھے۔ پیپلز پارٹی ایک سیاسی جماعت ہے، ایم کیو ایم کی طرح دہشت گرد اور فسادی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے ماضی میں خالد مقبول صدیقی کو را کا ایجنٹ قرار دیا تھا اور ان پر بھارت میں ٹریننگ لینے کا الزام لگایا تھا، لیکن اب دونوں ایک ساتھ مل گئے ہیں۔

شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیراتی مینڈیٹ پر اسمبلی میں پہنچے ہیں۔ اگر ان میں اخلاقی جرات ہے تو استعفے دے کر دوبارہ الیکشن لڑیں، پھر معلوم ہوگا کہ کراچی کے لوگ ان سے کس قدر نفرت کرتے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ ایم کیو ایم کراچی میں فسادات کی سازش کر رہی ہے، تاہم اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔