بیرسٹر گوہر کا پیپلزپارٹی سے قومی اسمبلی،سندھ اور خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی نشستیں واپس کرنے کا مطالبہ
چیئرمین پی ٹی آئی کا عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی آزادی پر زور، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت پر تشویش کا اظہار
بیرسٹر گوہر کا پیپلزپارٹی سے قومی اسمبلی،سندھ اور خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی نشستیں واپس کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پیپلزپارٹی سے قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کی نشستیں واپس کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سب سے کہتے ہیں کہ آئیں عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو آزاد کریں اور ہمیشہ کے لیے ووٹ کا تقدس پامال ہونے سے بچائیں۔ بہترین نظام ہوگا تو عوام کو خوشحالی ملے گی، معیشت مضبوط ہوگی اور سیاسی استحکام آئے گا۔ اگر ذاتی مفادات کو ترجیح دی جائے گی تو نہ ملک میں سیاسی استحکام ہوگا اور نہ عوام خوشحال ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات بے بنیاد اور سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے ہیں۔ ہمارے سیاسی مخالفین بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں۔ ان مقدمات میں رات کی تاریکی میں بند دروازوں کے پیچھے سزائیں سنائی گئیں۔ عدالت سے درخواست ہے کہ دن کی روشنی میں کھلی عدالت میں ہمارا مؤقف سنا جائے۔
نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی قبل از وقت ہے، اس کے خدوخال سامنے نہیں آئے کہ کتنے صوبے بنیں گے، کس حالت میں اور کہاں کہاں بنائے جائیں گے۔ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، اس میں سیاست کے بجائے عوامی احساسات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ اس معاملے پر مشاورت کے بعد ہی رائے دیں گے، جب کوئی ڈرافٹ سامنے آئے گا۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اپنا لائحہ عمل بھی دیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط کو 72 گھنٹے سے زائد گزر چکے ہیں، مزید تاخیر نہ کی جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خط کو بطور درخواست سماعت کے لیے مقرر کرکے انہیں ریلیف فراہم کیا جائے۔