فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قطری وزیرِ داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاک قطر دوطرفہ تعلقات بالخصوص سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
فوٹو آئی ایس پی آر
راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قطر کے وزیرِ داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے راولپنڈی میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاک قطر دوطرفہ تعلقات بالخصوص سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
معزز مہمان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعتراف کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قطر کے ساتھ دوطرفہ روابط کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔