پاکستان اور قطر کے درمیان سیکیورٹی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط

وزیراعظم شہباز شریف، قطری وزیر داخلہ اور محسن نقوی کی ملاقاتیں، داخلی سلامتی اور انسداد دہشت گردی پر تعاون بڑھانے کا عزم

November 19, 2026 · قومی

پاکستان اور قطر کے درمیان سیکیورٹی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان اور قطر نے سیکیورٹی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے، جبکہ دونوں ممالک کی سائبر سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مفاہمتی یادداشت قطر کی داخلی سیکیورٹی فورس (لخویہ) اور پاکستان کی فیڈرل کانسٹیبلری کے درمیان طے پائی۔ دستخط کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے وزیر داخلہ کا پاکستان کے پہلے دورے پر پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دونوں برادر ممالک کی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

وزیراعظم نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے لیے قطری قیادت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے قطر کی جانب سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی مسلسل فراہمی کو بھی سراہا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تقریباً 3 لاکھ پاکستانی قطر میں کام کر رہے ہیں اور وہاں کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

دوسری جانب قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے وزارتِ داخلہ کے دفتر میں اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔

وزارتِ داخلہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق ملاقات میں قطر کی نیشنل سائبر سیکیورٹی ایجنسی (NCSA) اور پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔