بھارت مشترکہ آبی وسائل کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، اسحاق ڈار

سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی، پاکستان کی سلامتی کو خطرات لاحق

November 19, 2026 · قومی

بھارت مشترکہ آبی وسائل کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور مشترکہ آبی وسائل کو سیاسی ہتھیار بنانے کی خطرناک کوشش ہے، جس سے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی آبی، غذائی اور توانائی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔

آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور آسیان نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور علاقائی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 19 نومبر 2026 کو اسلام آباد میں ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن کا خیرمقدم کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ آسیان سیکریٹری جنرل کا پاکستان کا دورہ دونوں فریقوں کے دیرینہ تعلقات کو نئی جہت دینے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے بروقت موقع ہے۔ دو دہائیوں سے زائد عرصے بعد آسیان کے کسی سیکریٹری جنرل کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، جس سے دوطرفہ اور علاقائی تعاون کو نئی تحریک ملنے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی، امن اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف پر استوار ہیں۔ پاکستان 1993 سے آسیان کا قدیم ترین سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنر ہے اور اس شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اس تعاون کو محض سفارتی روابط تک محدود رکھنے کے بجائے ایسے عملی اقدامات میں تبدیل کرنا چاہتا ہے جن سے دونوں خطوں کے عوام مستفید ہو سکیں۔

آسیان سیکریٹری جنرل کے ساتھ وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی اور سماجی و ثقافتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذاکرات میں تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں کے فروغ کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور تبدیل ہوتے جغرافیائی و سیاسی منظرنامے میں آسیان کا مکالمے اور علاقائی انضمام کو فروغ دینے میں کردار مزید اہم ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر مختلف ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے حوالے سے آسیان علاقائی تعاون کی ایک قابل قدر مثال ہے۔ پاکستان اس طرز تعاون کو سراہتا ہے اور امن و مشترکہ خوشحالی کے لیے آسیان کے ساتھ روابط مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان اور آسیان نے غیر روایتی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جن میں موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ، توانائی کی فراہمی میں تعطل اور سائبر خطرات شامل ہیں۔ ان چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی صلاحیت عوام کی سلامتی اور پائیدار ترقی کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے۔

مذاکرات میں اقتصادی تعاون کو مرکزی حیثیت حاصل رہی، جبکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تجارتی سہولتوں میں بہتری، روابط کے فروغ اور ڈیجیٹل انضمام کو وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا گیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان کا مقصد کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا اور دونوں خطوں کی منڈیوں کے درمیان روابط مضبوط بنانا ہے۔