تصادم کا خطرہ ٹل گیا،ایم کیو ایم کی ریلی اب 6 دسمبر کو ہوگی

6 دسمبرکو سندھی ثقافت کا دن منایا جائے گا ، شہر بھر میں ریلیاں نکالی جاتی ہیں ،نئی تاریخ بھی تبدیل ہونے کا امکان

November 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے تصادم کے خطرے کے پیشِ نظر 29 نومبر کی ریلی ملتوی کر دی اب یہ ریلی 6 دسمبر کو نکالے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن ہر دسمبر کے پہلے اتوار کو سندھی ثقافت کا دن منایا جاتا ہے اور شہر بھر میں ریلیاں نکالی جاتی ہیں ۔

سندھ حکومت نے 29 نومبر 2026 کو کراچی میں کسی بھی سیاسی یا قوم پرست جماعت کو ریلی نکالنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ امن و امان اور ممکنہ تصادم کے خدشات کے پیش نظر ایم کیو ایم پاکستان نے بھی اپنی ریلی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق 29 نومبر کو ایک قوم پرست جماعت (سندھ ترقی پسند پارٹی) اور ایم کیو ایم کی جانب سے اعلانیہ ریلیوں اور مظاہروں کے پیش نظر تصادم و کشیدگی سے بچنے کے لیے ریلیوں کی اجازت نہیں دی گئی۔

حکومت نے پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور وزیر داخلہ ضیاء لنجار پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے جو دونوں جماعتوں سے رابطہ کر کے ریلیاں مؤخر کرنے کی بات کرے گی، جبکہ صوبوں سے متعلق معاملات پارلیمان میں طے کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ریلی پر نظر ثانی کا کہا ہے۔

دوسری جانب سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے بیان دیا کہ 29 نومبر کی تاریخ مشاورت کے بغیر دی گئی تھی اور تصادم سے بچنے کے لیے ریلی کسی اور روز نکالی جائے گی۔ ایم کیو ایم کے رہنما علی خورشیدی نے بھی شہر کا امن برقرار رکھنے کے لیے ریلی مؤخر کرنے کا اشارہ دیا۔

سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) نے بھی انیس نومبر کو کراچی میں ریلی کا اعلان کر رکھا تھا، جس کے باعث ایک ہی روز دو مختلف جماعتوں کے احتجاج سے ٹریفک اور سیکیورٹی خدشات سامنے آئے تھے۔ تاہم ایم کیو ایم کی نئی تاریخ بھی تبدیل ہونے کا امکان ہے ۔ کیوں کہ ہر دسمبر کے پہلے اتوار کو سندھی ثقافت کا دن منایا جاتا ہے اور شہر بھر میں ریلیاں نکالی جاتی ہیں ۔