اسلام آباد: مشتبہ ویکسین لگانے کا انکشاف، ڈرگ کنٹرول ٹیم کا لیب پر چھاپہ، 3 افراد گرفتار
کارروائی کے دوران لیبارٹری انتظامیہ کی جانب سے مزاحمت ، ایف آئی اے کی معاونت سے چھاپہ مکمل
اسلام آباد: وزارت صحت کے ادارے ڈرگ کنٹرول آئی سی ٹی نے شہری کی شکایت پر ایکسل ڈائیگناسٹک لیب پر چھاپہ مار کر مشتبہ انفلوویک ٹیٹرا ویکسین کے 27 انجیکشن قبضے میں لے لیے، جبکہ لیب کے سی ای او سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا
ترجمان وزارت صحت کے مطابق چیف ڈرگ انسپکٹر سردار شبیر کی نگرانی میں ڈرگ کنٹرول ٹیم نے ایکسل ڈائیگناسٹک لیب پر کارروائی کی، جہاں مریضوں کو مشتبہ انفلوویک ٹیٹرا ویکسین لگائی جا رہی تھی، حالانکہ مذکورہ ویکسین رواں سال پاکستان میں درآمد نہیں کی گئی۔
چھاپے کے دوران ویکسین کے 27 انجیکشن، متعلقہ ریکارڈ اور دیگر دستاویزات قبضے میں لے لیے گئے۔ برآمد ہونے والی ویکسین کا لاٹ نمبر 913 پہلے ہی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی جانب سے جعلی قرار دیا جا چکا تھا، جبکہ ڈریپ نے بھی اس مشتبہ ویکسین کے حوالے سے پہلے ہی ریپڈ الرٹ جاری کر رکھا تھا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران لیبارٹری انتظامیہ کی جانب سے مزاحمت کی گئی، جس پر ایف آئی اے کی معاونت سے چھاپہ مکمل کیا گیا۔ گرفتار افراد میں ایکسل ڈائیگناسٹک لیب کے سی ای او ڈاکٹر نصیر احمد، منیجر بلال عباسی اور شیر دل شامل ہیں۔
وزارت صحت نے جعلی ادویات کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔جعلی اور مشتبہ ویکسین کے معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حکام دیگر ممکنہ طور پر ملوث افراد کا تعین بھی کر رہے ہیں۔