فیصل آباد میں شہریوں کو ہراساں کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

ملزم سڑکوں اور عوامی مقامات پر شہریوں، رکشہ ڈرائیوروں اور دیگر افراد کے ساتھ ایسی حرکات کرتا تھا

November 21, 2026 · قومی
فیصل آباد میں شہریوں کو ہراساں کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

فیصل آباد میں شہریوں کو ہراساں کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

فیصل آباد پولیس نے شہریوں کو تنگ کرنے، ان کا مذاق اڑانے اور سرعام پریشان کرنے کے الزام میں ایک ٹک ٹاکر کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ ملزم سڑکوں اور عوامی مقامات پر شہریوں، رکشہ ڈرائیوروں اور دیگر افراد کے ساتھ ایسی حرکات کرتا تھا جن سے لوگوں کو پریشانی اور کوفت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

پولیس نے ملزم کو حراست میں لینے کے بعد تھانہ غلام محمد آباد میں قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

گرفتاری کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں ملزم پولیس کی تحویل میں کیمرے کے سامنے موجود ہے، جبکہ اس کی مختلف عوامی مقامات پر کی جانے والی شرارتوں کی ویڈیوز بھی دکھائی گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے پولیس کی کارروائی کو سراہا جا رہا ہے۔ متعدد افراد نے شہریوں کی عزت اور سکون کے تحفظ کے لیے کارروائی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔