حیدرآباد میں کروڑوں روپے انعام یافتہ کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار، پشاور میں 3 ہلاک
اہم کارروائیاں، سی ٹی ڈی کا بڑا سرچ آپریشن، بھاری اسلحہ برآمد
حیدرآباد میں کروڑوں روپے انعام یافتہ کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار، پشاور میں 3 ہلاک
حیدرآباد میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سندھ ایس آر اے کے انتہائی مطلوب دہشت گرد شعیب خشک کو بھٹائی نگر تھانے کی حدود سے گرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور سندھ حکومت کے محکمہ داخلہ نے اس کی گرفتاری پر ایک کروڑ روپے کا انعام مقرر کر رکھا تھا۔
سی ٹی ڈی دستاویز کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے 6، 7 اور 8 اکتوبر کو ٹھٹھہ میں تین بڑے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے تھے، جن کے دوران ملزم اپنے ساتھیوں سمیت فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بالآخر ملزم کو حیدرآباد سے دبوچ لیا، جبکہ اس کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ، پستول اور مختلف بور کے خول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پشاور میں سی ٹی ڈی اور پاک فوج نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق خفیہ اطلاع پر متنی کے علاقے میں کارروائی کی گئی جہاں دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس کے جوابی نتیجے میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، 3 ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دیگر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور ملک دشمن عناصر کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔