حسین نقی کی نماز جنازہ ادا،مقامی قبرستان میں سپرد خاک
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ودیگر کا گہرے دکھ اور افسوس کااظہار افسوس
حسین نقی کی نماز جنازہ ادا،مقامی قبرستان میں سپرد خاک
لاہور:سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے لیے سرگرم رہنے والی شخصیت حسین نقی 90 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں ادا کی گئی، جس میں صحافیوں، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
حسین نقی کے انتقال پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
تعزیتی پیغامات میں رہنماؤں نے کہا کہ حسین نقی نے صحافت، آزادی اظہار، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے طویل عرصے تک گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی جدوجہد بالخصوص شہری آزادیوں اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے نمایاں رہی۔
انہوں نے کہا کہ حسین نقی کی بے باک صحافت اور جمہوری جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے صحافیوں کے لیے مشعل راہ رہیں گی۔