کراچی میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں کا اعلان

ٹریفک پلان جاری، شہر بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی

November 22, 2026 · قومی
کراچی میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

کراچی میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

کراچی میں مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی ریلیوں اور جلسوں کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جمعے کے روز شہر کے مختلف مقامات پر ریلیاں اور مظاہرے متوقع ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی جانب سے قائدین کی کردار کشی کے خلاف آج ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ قوم پرست تنظیموں کے احتجاج کے سبب جے یو آئی نے اپنے احتجاج کا وقت اور روٹ تبدیل کر لیا ہے اور اب یہ مظاہرہ کراچی پریس کلب کے بجائے دوپہر 2 بجے گرومندر پر ہوگا۔ اس کے علاوہ قوم پرست تنظیموں کی رہبر کمیٹی ایمپریس مارکیٹ سے پریس کلب تک ریلی نکالے گی جبکہ وحدت سندھ ریلی سچل گوٹھ گلستان جوہر سے شروع ہوگی۔

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے تحت ضلع وسطی میں شاہراہ نور جہاں پر جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان کا کورنگی میں جنرل ورکرز اجلاس ہوگا جس سے مصطفی کمال اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

پولیس حکام کے مطابق شہر میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے دوران پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی اور ٹریفک پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریڈ زون میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی جبکہ پریس کلب اور اس کے اطراف بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل روٹس کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ زحمت سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں اور ٹریفک پولیس کے عملے سے تعاون کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔