یونٹی فوڈز کے بورڈ میں تعطل، توہین عدالت کارروائی شروع کرنے کا انتباہ
سند ھ ہائی کورٹ میں سماعت، ولمار گروپ اور ڈائریکٹر سے جواب طلب
یونٹی فوڈز کے بورڈ میں تعطل، توہین عدالت کارروائی شروع کرنے کا انتباہ
سندھ ہائی کورٹ نے یونٹی فوڈز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی خالی نشستیں پُر نہ کرنے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد میں ناکامی کے معاملے پر ولمار گروپ اور اس کی نامزد ڈائریکٹر لی ہونگ ہوا سے وضاحت طلب کرلی ہے کہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ شروع کی جائے۔
مسٹرجسٹس سمن رفعت امتیاز نے 18 نومبر کو مقدمات کی مشترکہ سماعت کے دوران قرار دیا کہ کمپنی کے بورڈ میں خالی نشستیں مقررہ قانونی مدت میں پُر نہ کرنا اور عدالت کے سابقہ حکم پر عمل نہ کرنا بادی النظر میں قابل وضاحت معاملہ ہے۔
عدالت نے 30 اکتوبر 2026ء کے اپنے حکم کے تحت یونٹی فوڈز کے بورڈ میں خالی نشستیں پُر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کو نگران مقرر کیا تھا۔
سماعت کے دوران ایس ای سی پی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بورڈ کے موجودہ دونوں ڈائریکٹرز کی جانب سے نامزد امیدواروں کی فہرستیں فراہم نہ کیے جانے کے باعث عدالتی ہدایات پر عمل درآمد ممکن نہیں ہوسکا۔
مقدمے میں درخواست گزار محمد فرخ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس عدم تعمیل کی ذمہ داری ان کے موکل پر عائد نہیں ہوتی، کیونکہ تین آزاد ڈائریکٹرز کے علاوہ بورڈ میں صرف دو نشستیں خالی ہیں، جنہیں 30 اکتوبر کے عدالتی حکم کے تحت ولمار گروپ نے پُر کرنا تھا اور بورڈ میں اکثریت بھی اسی گروپ کی ہونی تھی۔
عدالت نے یاد دلایا کہ کمپنیز ایکٹ 2017ء کی دفعہ 155(3) کے تحت کسی لسٹڈ کمپنی کے بورڈ میں اچانک خالی ہونے والی نشستیں ڈائریکٹرز کو جلد از جلد اور زیادہ سے زیادہ 90 روز کے اندر پُر کرنا ہوتی ہیں۔
یونٹی فوڈز کے بورڈ میں یہ نشستیں فروری اور مارچ 2026ء میں خالی ہوئی تھیں، تاہم ایس ای سی پی کی جانب سے قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت اور عدالت کے 30 اکتوبر کے حکم کے باوجود ان پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
ولمار گروپ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گروپ کی نامزد ڈائریکٹر نے خالی نشستوں کے لیے نئے ڈائریکٹرز نامزد کرنے سے انکار کردیا ہے، کیونکہ ان کے بقول 30 اکتوبر کے حکم میں انہیں ایسا کرنے کی ہدایت نہیں دی گئی تھی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ وہ اس شیئر ہولڈر گروپ کی ہدایات پر عمل کرنے سے کیسے انکار کرسکتی ہیں جس کی نمائندگی وہ بورڈ میں بطور نامزد ڈائریکٹر کررہی ہیں۔ اس پر وکیل نے کہا کہ وہ مذکورہ ڈائریکٹر کی نمائندگی نہیں کررہے اور ولمار گروپ کی نامزدگی کے باوجود وہ اپنی صوابدید کے مطابق ووٹ دینے میں آزاد ہیں۔
ایس ای سی پی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی کمپنی کا ڈائریکٹر، خواہ اسے کسی کارپوریٹ شیئر ہولڈر نے نامزد کیا ہو، کمپنی کے بہترین مفاد میں کام کرنے اور اپنے فرائض کی ادائیگی کا پابند ہوتا ہے۔
عدالت نے سوال اٹھایا کہ مطلوبہ تعداد سے کم ڈائریکٹرز کے ساتھ کمپنی کا بورڈ کام کرتا رہے تو یہ کمپنی کے مفاد میں کیسے ہوسکتا ہے؟ اس سوال کا کوئی وکیل جواب نہیں دے سکا۔
عدالت نے ایس ای سی پی کی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے یہ بھی نوٹ کیا کہ ولمار گروپ کی نامزد ڈائریکٹر لی ہونگ ہوا نے 8 نومبر کو کمیشن کو ای میل بھیجی تھی، جس میں انہوں نے 30 اکتوبر کے عدالتی حکم سے اتفاق نہ کرنے، امیدواروں کے بارے میں مناسب معلومات اور جانچ پڑتال کے بغیر نامزدگیاں کرنے سے گریز اور موجودہ غیر معمولی صورت حال میں عبوری طور پر غیر جانب دار انتظامیہ مقرر کرنے کو زیادہ مناسب قرار دیا تھا۔
عدالت نے اس مؤقف پر سوال اٹھایا کہ ڈائریکٹر کو خالی نشستیں پُر کرنے سے قبل امیدواروں کی جانچ پڑتال سے کس نے روکا تھا اور کیا وہ محض اپنی ذاتی رائے کی بنیاد پر قانونی ذمہ داری پوری کرنے سے انکار کرسکتی ہیں؟ عدالت نے یہ بھی استفسار کیا کہ جب ڈائریکٹر کی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے ان کی رضامندی ضروری نہیں تو وہ عدالتی حکم کی پابندی سے کیسے مستثنیٰ ہوسکتی ہیں۔
عدالت نے ان سوالات کی روشنی میں ولمار گروپ کے درخواست گزار اور اس کی نامزد ڈائریکٹر کو تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا کہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ شروع کی جائے۔
عدالت نے ایس ای سی پی کو بھی متعلقہ قانونی دفعات کے تحت سات روز کے اندر ذمہ دار ڈائریکٹرز کے خلاف کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی اور قرار دیا کہ قانونی مدت میں خالی نشستیں پُر نہ کرنے پر جرمانے کے علاوہ متعلقہ ڈائریکٹر کو تین سال تک کمپنی کا ڈائریکٹر بننے سے نااہل بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔
دریں اثنا، عدالت نے یونٹی فوڈز کو کمپنیز ایکٹ 2017ء کے تحت غیر معمولی اجلاس (ای جی ایم) بلانے اور نئے بورڈ کے انتخاب کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ کمپنی کے آڈیٹرز کو تازہ ترین آڈٹ شدہ مالیاتی حسابات پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، ضرورت پڑنے پر درخواست گزار محمد فرخ کے ساتھ رابطہ کرنے کا کہا گیا۔ عدالت نے کمپنی کو اگلی سماعت تک اپنے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے فروخت کرنے، ان پر کسی تیسرے فریق کا حق قائم کرنے یا کسی قسم کا بوجھ عائد کرنے سے بھی روک دیا۔
سماعت کے دوران دبئی اسلامک بینک اور مجوزہ مداخلت کار انفرا ضامن پاکستان لمیٹڈ کے وکلا نے خود کو کمپنی کے بڑے قرض خواہوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کمپنی کی بندش نہیں چاہتے بلکہ اس کی مالی صحت اور قرض خواہوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عبوری منتظم (پروویژنل مینیجر) کی تقرری کے خواہاں ہیں۔ د
بئی اسلامک بینک کے وکیل نے بھارت میں 2009ء کے ستیام کمپیوٹر سروسز مقدمے کا حوالہ بھی دیا، جس میں کمپنی کا بورڈ معطل کرکے نامور شخصیات پر مشتمل نیا بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ دوسری جانب ایس ای سی پی نے مؤقف اختیار کیا کہ بورڈ کی مسلسل غیر فعالیت سے حصص یافتگان اور عام لوگوں کے حقوق متاثر
ہورہے ہیں۔ کمیشن نے بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے بھی اس معاملے پر درخواست دائر کر رکھی ہے۔
عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 4 دسمبر 2026ء کو صبح 11 بجے مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس روز محمد فرخ اور ولمار گروپ کی درخواستوں سمیت متعلقہ مقدمات کی سماعت پہلے کی جائے گی۔