پاکستان کی بھارت سمیت تمام ایس سی او ممالک کو باہمی مکالمے اور تعاون کی دعوت

خطے میں روابط کا فروغ، وفاقی وزیر مصدق ملک کا خطاب، مشترکہ نیٹ ورک کی تجویز

November 22, 2026 · اہم خبریں
پاکستان کی بھارت سمیت تمام ایس سی او ممالک کو باہمی مکالمے اور تعاون کی دعوت

پاکستان کی بھارت سمیت تمام ایس سی او ممالک کو باہمی مکالمے اور تعاون کی دعوت

پاکستان نے بھارت سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کو باہمی مکالمے اور تعاون کی دعوت دیتے ہوئے علاقائی روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے نئی دہلی میں منعقدہ ایس سی او کے تہذیبی مکالمے کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حقیقی مکالمہ مختلف نظریات اور ثقافتوں کے حامل افراد اور قوموں کے درمیان ہی ممکن ہوتا ہے، اور اگر تمام شرکا کی سوچ یکساں ہو تو اسے مکالمہ نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے پاکستان کے تاریخی اور تہذیبی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے ثقافتی روابط فارس اور عرب سے لے کر بخارا اور سمرقند تک پھیلے ہوئے ہیں، اور تمام رکن ممالک کو اس تاریخی اور تہذیبی ورثے سے استفادہ کرنا چاہیے۔

دستاویزات کے مطابق ڈاکٹر مصدق ملک نے ثقافتی اثاثوں اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت ایک مشترکہ نیٹ ورک قائم کرنے کی تجویز پیش کی، اور اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل لائبریری کے قیام پر بھی زور دیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایس سی او کے مشترکہ پلیٹ فارم کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت اجاگر کی تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر مصدق ملک نے اس تہذیبی اجلاس میں اردو زبان میں خطاب کیا اور اپنی گفتگو کے دوران اردو ادب کے عظیم شعرا مرزا غالب اور علامہ محمد اقبال کے اشعار اور افکار کا حوالہ بھی دیا۔